حزب اختلاف کی جماعتیں اور حکومت چوہے بلی کا کھیل رہی ہیں، اُسامہ رضی

70

جھڈو (نمائندہ جسارت) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر اُسامہ رضی کا کہنا ہے کہ پاکستان اپنے نازک موڑ سے گزر رہا ہے، ایک جانب فارم 47 کے ذریعے بنائی گئی کٹھ پتلی حکومت ہے تو دوسری جانب عوامی مسائل کا انبار ہونے کے باوجود بھی حزب اختلاف کی جماعتیں اور حکومت چوہے اور بلی کا کھیل کھیلنے میں مصروف ہیں، پاکستان میں نوجوان مایوسی کا شکار ہو رہے ہیں، مہنگائی نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا، لیکن نہ تو اسٹیبلشمنٹ کو اس بات کی پرواہ ہے کہ پاکستان کے دیرینہ مسائل کو حل کیا جائے اور نہ ہی حکومت اس جانب توجہ دے رہی ہے کہ عوام کو کسی قسم کا ریلیف دینے کے لیے کوئی جامع پالیسی بنائی جائے۔ وہ جماعت اسلامی ضلع میرپور خاص کے تحت جھڈو میں منعقدہ 2 روزہ اقامتی تربیت گاہ سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر جماعت اسلامی ضلع میرپورخاص کے امیر حافظ سلمان خالد، ضلعی جنرل سیکرٹری محمد ارسلان و دیگر بھی موجود تھے۔ تربیت گاہ سے معروف اسلامی اسکالر ڈاکٹر سید شاہد ہاشمی، محمد افضال آرائیں، مجاہد بلوچ، سہیل شارق، پروفیسر رئیس منصوری و دیگر مقررین نے بھی مختلف موضوعات پر خطاب کیا، اقامتی تربیت گاہ میں دور حاضر کے تناظر میں دینی، اصلاحی، فکری، علمی، نظریاتی اور سیاسی موضوعات لیکچرز کا اہتمام کیا گیا۔