ہنگورجہ: افروز لال خاتون کے قاتل گرفتار کرنے کا مطالبہ

61

ہنگورجہ (نمائندہ جسارت) ہنگورجہ کے قریب گاؤں عزیز اللہ سولنگی کی رہائشی 2 معصوم بچوں کی ماں مسمات افروز لال خاتون سولنگی کے اغوا اور قتل کے مقدمے میں نامزد ملزم کو ہنگورجہ پولیس گرفتار کرنے میں مکمل ناکام ہوگئی اور ملزمان سے بھاری رشوت کے عوض ملزمان کی سہولت کار بن گئی ہے۔ افروز لال خاتون سولنگی کے قاتلوں کو گرفتار نہ کرنے پر مقتول افروز لال خاتون سولنگی کے ورثاء نے ایس ایس پی خیرپور ڈاکٹر سمیع اللہ سومرو سے ملاقات کی ہے۔ ذرائع سے موصول ہونے والی معلومات کے مطابق مقتولہ افروز لال خاتون سولنگی کے ورثاء نے ایس ایس پی خیرپور کو اغوا کے بعد قتل کرنے سے آگاہ کیا، مقتولہ افروز لال خاتون سولنگی کی قبر کشائی کرنے کے لیے عدالت میں آئینی درخواستیں دائر کی ہیں، جبکہ کنڈیارو کے مقامی قبرستان میں مقتولہ افروز لال خاتون سولنگی کی قبر پر پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔ مقتولہ افروز لال خاتون سولنگی کے ورثاء نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس نے قتل کیس میں نامزد افراد سے بہت بڑی رشوت لی ہے جس کی وجہ سے پولیس قاتلوں کے خلاف کوئی بھی کارروائی نہیں کررہی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ مسمات افروز لال خاتون کے قاتلوں کو جلد گرفتار کیا جائے۔