ملک و قوم کی تعمیر میں اُستاد کا اہم کردار ہے، زین العابدین لغاری

59

ٹنڈوآدم (نمائندہ جسارت) ڈپٹی سیکرٹری محکمہ تعلیم سندھ و ڈائریکٹر اسٹیڈا سندھ نواب زین العابدین لغاری نے کہا ہے کہ اُستاد کا پیشہ انتہائی مقدس ہے، ملک و قوم کی تعمیر و ترقی میں اُستاد کا بہت اہم کردار ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تنظیم اساتذہ کے ریٹائرڈ صدور و اراکین کے اعزاز میں منعقدہ ’’تقریب اعزاز‘‘ و عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ تنظیم اساتذہ ایک نظریاتی تنظیم ہے جو ملک کی نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کا فریضہ بخوبی ادا کر رہی ہے، اُستاد اپنے طلبہ کی بہترین تعلیم اور تربیت سے معاشرے میں انقلاب برپا کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اُستاد اپنی سروس سے ریٹائرڈ ہوتا ہے، اپنے فرض سے نہیں، اُستاد کو اپنے فرض کی ادائیگی میں کوتاہی نہیں برتنی چاہیے۔ تقریب سے ڈپٹی ڈی ای او محمد رفیق بجورو، امیر جماعت اسلامی ضلع سانگھڑ عبدالغفور انصاری، سندھ ایجوکیشن فاؤنڈیشن ضلع سانگھڑ کے ضلعی افسر فیصل رضوان، ٹی ای او مختار عمرانی، صدر پ ٹ الف لکھانو خاصخیلی، نائب امیر جماعت اسلامی مشتاق احمد عادل اور دیگر مہمانوں نے اپنے خطاب میں تنظیم اساتذہ کے ریٹائرڈ سابق صدور اور اراکین کے اعزاز میں شاندار اور پروقار تقریب منعقد کرنے پر تقریب کے منتظم عبد الستار انصاری کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے تنظیم اساتذہ کے سابق صدور و اراکین کی تعلیمی خدمات اور اساتذہ مسائل کے حل کے لیے کی جانے والی کاوشوں پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔