غیر ملکی فنڈنگ کے منصوبوں کا نا مکمل ریکارڈ فراہم کرنے پر اظہار ناراضگی

29

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے محکمہ پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ کی جانب سے سندھ میں غیرملکی فنڈنگ سے چلنے والے اربوں روپے کے منصوبوں سمیت دیگر 12 آڈٹ پیراز کا نامکمل ریکارڈ فراہم کرنے پر ناراضگی اور برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سیکرٹری پی اینڈ ڈی کو غیر ملکی فنڈنگ سے چلنے والے اربوں روپے کے منصوبوں سمیت دیگر آڈٹ پیراز کا نامکمل ریکارڈ فراہم کرنے والے پی اینڈ ڈی کے متعلقہ افسران کے خلاف تحقیقات کرکے ذمے دار افسران کے خلاف کاروائی کا حکم دے دیا ہے جبکہ پی اے سی نے سیکرٹری پی اینڈ ڈی کو محکمے کے ذمے دار افسران کے خلاف کارروائی کی رپورٹ ایک ہفتے میں آئندہ اجلاس میں پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ سندھ اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس چیئرمین نثار احمد کھوڑو کی صدارت میں سندھ اسمبلی کے کمیٹی روم میں ہوا۔ اجلاس میں پی اے سی کے اراکین قاسم سراج سومرو، سعدیہ جاوید، خرم کریم سومرو سمیت محکمے کے سیکرٹری جاوید صبغت اللہ مہر سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔ پی اے سی اجلاس میں محکمہ پلاننگ اینڈ ڈیوپمنٹ کی سال 2019ء سے سال 2021ء تک آڈٹ پیرا کا جائزہ لیا گیا۔