پشاور ہائیکورٹ:عالیہ حمزہ ، راجا بشارت‘ صنم جاوید کی ضمانت منظور

50

پشاور (اے پی پی) پشاور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنمائوں راجا بشارت، عالیہ حمزہ اور صنم جاوید کی راہداری ضمانت منظور کرلی ہے۔ پشاور ہائیکورٹ میں جسٹس فہیم ولی نے پی ٹی آئی رہنما راجا بشارت کی راہداری ضمانت کی درخواست پر سماعت کی۔ وکیل درخواست گزار عالم خان ادینزئی نے کہا کہ میرے موکل پر ٹیکسلا میں دہشت گردی کا مقدمہ درج ہے، مقدمہ سیاسی بنیاد پر درج کیا گیا، الزام بے بنیاد ہے، درخواست گزار متعلقہ عدالت میں پیش ہونا چاہتا ہے لیکن گرفتاری کا خدشہ ہے۔ عدالت نے راجا بشارت کو 3 نومبر تک ضمانت دے دی۔ اسی طرح عالیہ حمزہ اور صنم جاوید کی راہداری ضمانت کی درخواستوں پر سماعت ہوئی، عدالت نے دونوں خواتین کی 8 نومبر تک راہداری ضمانت منظور کرلی۔