ماہ رنگ بلوچ پاسپورٹ کیس‘ ایس ایس پی سمیت فریقین کو نوٹس

33

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ میں ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کی پاسپورٹ چھیننے سے متعلق انکوائری کی درخواست کی سماعت۔ عدالت نے ایس ایس پی سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کردیے۔ دوران سماعت درخواست گزار کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کو ٹائم میگزین کی جانب سے امریکا میں دعوت دی گئی تھی، درخواست گزار کو بغیر کسی وجہ کے کراچی ائرپورٹ پر بیرون ملک جانے سے روک دیا گیا، کراچی ائرپورٹ کے باہر پولیس افسران نے درخواست گزار سے زبردستی پاسپورٹ اور موبائل فون بھی چھین لیا، عدالت نے ایس ایس پی سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کردیے۔ عدالت نے فریقین سے21 اکتوبر کو جواب طلب کرلیا۔ علاوہ ازیں مذکورہ عدالت میںبلوچ یکجہتی کمیٹی کی سربراہ ماہ رنگ بلوچ کی مقدمہ ختم کرنے اور معطل کرنے کی درخواست پر سماعت۔ عدالت نے ماہ رنگ بلوچ کے خلاف درج مقدمہ معطل کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے ماہ رنگ بلوچ کو گرفتار کرنے اور ہراساں کرنے سے بھی روکتے ہوئے سندھ حکومت، آئی جی سندھ، ایس ایس پی ملیر، ایس ایچ او قائد آباد کو نوٹس جاری کردیے۔ عدالت نے فریقین سے21 اکتوبر تک جواب طلب کرلیا۔