کمشنر کراچی کی تجاوزات کا خاتمہ یقینی بنانے کی پھر ہدایت

55

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے ضلع میں ٹریفک کے لیے رکاوٹ بننے والی تجاوزات کے خاتمہ کی مہم کو موثر بنائیں ۔یقینی بنائیں کہ تجاوزات کے خلاف کارروائی نتیجہ خیز ثابت ہو جس جگہ سے تجاوزات ہٹائیں وہاں دوبارہ تجاوزات قائم نہ ہوں۔ کمشنر نے کہا کہ سڑکوں پر تجاوزات کی وجہ سے ٹریفک کا دبائوبڑھ رہا ہے اور شہریوں کو تکلیف کا سامنا ہے۔ دریں اثنا ڈپٹی کمشنر شرقی شہزاد فضل عباسی نے کمشنر کراچی کو تجاوزات کے خلاف کارروائی کی رپورٹ بھیجی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ محکمہ موسمیات گلستان جو ہر سڑک پر ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ بننے والی تمام تجاوزات ہٹا دی گئی ہیں جس سے اس اہم شاہراہ پر ٹریفک کی روانی بہتر ہوگئی ہے۔ یاد رہے کہ کراچی میں تجاوزات کے خلاف زبانی کلامی اور دکھاوے کی کارروائی کے سواکچھ بھی نہیں ہوتا اورجن علاقوں میں کارروائی کی جائے تودوسرے دن یا چند گھنٹوںکے بعد دوبارہ تجاوزات قائم کردیے جاتے ہیں۔ شہریوںنے اس بارے میںکہاکہ کراچی میں تجاوزات کے خلاف کارروائی دکھاوے اور ریٹ بڑھانے کے سوا کچھ نہیں اگر انسداد تجاوزات اوردیگر متعلقہ ادارے کارروائی کریں تو کسی کی مجال نہیں کہ دوبارہ تجاوزات قائم کریں۔ جابجا تجاوزات کی وجہ سے شہرمیںٹریفک جام کا مسئلہ سنگین صورتحال اختیار کرچکا ہے جس سے شہریوںکاقیمتی وقت اورفیول ضائع ہوتاہے اور بعض اوقات ٹریفک جام میں ایمبولینس بھی گھنٹوں پھنسی رہتی ہے جس کی وجہ سے کئی مریض اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ شہریوں نے وزیراعلیٰ ‘وزیربلدیات اور ٹائونز انتظامیہ سے اس معاملے پرسنجیدگی سے نوٹس لینے کامطالبہ کیاہے۔