سینئرصحافیوں کوزندگی میں خراج تحسین پیش کرنے کی روایت اچھی ہے‘خورشیدتنویر

59
کراچی پریس کلب کے زیراہتمام خورشید تنویر اپنے اعزاز میںایک شام کے انعقاد کے موقع پر اظہار خیال کررہے ہیں

کراچی (اسٹاف ر پورٹر)کراچی پریس کلب کے سابق صدر،سینئر صحافی اور طویل عرصے تک انگریزی صحافت سے وابستہ رہنے والے خورشید تنویر کے اعزاز میں کراچی پریس کلب کے زیر اہتمام ایک شام کا انعقاد کیا گیا۔خورشید تنویر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کراچی پریس کلب کا شکریہ ادا کیا۔انہوںنے کہا کہ پریس کلب نے ایک نئی روایت کاآغاز کیا ہے جس میں سینئر صحافیوں کو ان کی زندگی میں ہی خراج تحسین پیش کیا جارہا ہے۔انہوں نے اپنے صحافتی کیریئر اور اس دوران پیش آنے والے چیدہ چیدہ واقعات سے بھی حاضرین کو آگاہ کیا۔صدر کراچی کراچی پریس کلب سعید سربازی نے کہا کہ خورشید تنویر ملکی صحافت کا روشن ستارہ ہیں۔ شعبہ صحافت میں خورشید تنویر کی خدمات کا سفر کئی دہائیوں پر محیط ہے۔ان کی بحیثیت صدر کراچی پریس کلب خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں۔ خورشید تنویر جیسے لوگوں نے صحافت کو اعلیٰ مقام دیا ہے۔انہوںنے ہر دور میں صحافیوں کے حقوق کے حصول کے لیے اپنا حصہ ڈالا ہے۔ کراچی پریس کلب نے ہمیشہ مثبت اقدار کو فروغ دیا ہے۔سیکرٹری کراچی پریس کلب شعیب احمد نے کہا کہ کراچی پریس کلب نے اپنے سینئر ز کو خراج تحسین پیش کرنے کا سلسلہ شروع کیا ہے۔ہم اعتراف کمال کا یہ سلسلہ جاری رکھیں گے، اور دوسرے صحافیوں کیلیے بھی اس طرح کی تقریبات منعقد کرتے رہیں گے۔