جامعہ کراچی میں طلبہ کا فیسوں میں اضافے اور سہولیات کی کمی کے خلاف احتجاج

136

کراچی : جامعہ کراچی میں طلبہ تنظیم کی جانب سے طلبا کو درپیش مسائل کے خلاف ایڈمن بلاک کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین نے احتجاج کرتے ہوئے ریلی کی صورت میں سلور جوبلی گیٹ تک پہنچ کر کچھ دیر تک گیٹ کو بند کر کے دھرنا دیا اور شدید نعرے بازی کی ہے ۔

اسلامی جمعیت طلبہ اور طلبہ الائنس جامعہ کراچی کے زیر اہتمام ہونے والے اس مظاہرے میں طلبہ و طالبات نے بھرپور شرکت کی اور اپنی آواز بلند کی۔ احتجاج کا مقصد جامعہ میں بھاری فیسوں، پوائنٹس کی کمی، اور بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کے خلاف تھا۔ مظاہرین نے عزم کیا کہ وہ اب مزید خاموش نہیں رہیں گے اور اپنے حقوق کے لیے آواز اٹھائیں گے۔

مظاہرین نے کلاسز کی ابتر صورتحال اور بھاری فیسوں کے خلاف بینرز اٹھا کر نعرے لگائے۔ ان کا مطالبہ تھا کہ لیٹ فیس میں 50 فیصد اضافہ فوری طور پر واپس لیا جائے اور امتحانات کی فیس کو ختم کیا جائے۔ مزید یہ کہ ری ایڈمیشن کے نام پر طلبہ سے پانچ ہزار روپے وصول کیے جا رہے ہیں، جس کے خلاف بھی آواز بلند کی گئی۔

مظاہرین نے خستہ حال پوائنٹس کی فوری مرمت اور کلاسز کی صورتحال کو بہتر بنانے کا بھی مطالبہ کیا۔ طلبہ کا کہنا تھا کہ اگر ان کے مطالبات منظور نہ کیے گئے تو وہ احتجاج کا دائرہ وسیع کرنے پر مجبور ہوں گے۔