پیرس: فرانس میں پاکستان کے سفیر اور یونیسکو کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے کہا ہے کہ دنیا کو ورلڈ وار 2 کے بعد سب سے بڑے بحران کا سامنا ہے، امن کے فروغ کیلئے یونیسکو کا کردار اہم ہے، پاکستان نے غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔
یونیسکو کے ایگزیکٹو بورڈ کے 220 ویں اجلاس میں فرانس میں پاکستان کے سفیر اور یونیسکو کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ اجلاس جغرافیائی سیاسی کشیدگی، متعدد بحرانوں اور بڑھتے ہوئے تنازعات کے پس منظر میں ہو رہا ہے، ایک پیچیدہ عالمی منظر نامہ جس میں بین الاقوامی قانون کی حکمرانی شدید چیلنج سے دوچار ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ مناسب وقت ہے کہ یونیسکو کی اسٹریٹجک سمت کا جائزہ لیا جائے تاکہ موجودہ اور ابھرتے ہوئے چیلنجوں سے اس کی مطابقت کو برقرار رکھا جا سکے، ہمیں صاف اور شفاف بات چیت کرنی چاہئے، صحیح سوالات پوچھنے کے لیے تیار رہنا چاہیے اور بہترین سفارشات کے ذریعے پورے بورڈ کے ساتھ تعاون کرنا چاہئے۔
یونیسکو کے مستقل مندوب نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ اقوام متحدہ کے وسیع تر نظام اور دیگر عالمی فورمز کے ساتھ یونیسکو کے تعاون کو مضبوط بنانے کا ایک اسٹریٹجک موقع ہے، جب کہ یونیسکو محدود رکنیت کے ساتھ کچھ گروپوں کے ساتھ بہت زیادہ وقت اور وسائل صرف کر رہا تھا، دوسرے زیادہ جامع اور بڑے فورمز جیسے کہ G-77 کے ساتھ فعال تعلق کی اہمیت جس میں افریقہ اور دیگر ترقی پذیر ممالک کے درمیان SIDS کی بھی وسیع تر شرکت ہے کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔