اسلام آباد: پاکستان بھر کی صوبائی اسمبلیوں میں خصوصی پاسپورٹس دفاتر قائم کردیے گئے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق پنجاب، سندھ اور خیبر پختونخوا کی اسمبلیوں میں خصوصی پاسپورٹس ڈیسک قائم کردیے گئے ہیں۔
پنجاب اسمبلی میں اسپیکر ملک احمد خان، سندھ میں اسپیکر صوبائی اسمبلی اور خیبر پختونخوا میں گورنر فیصل کریم کنڈی نے پاسپورٹ دفتر کا افتتاح کیا۔
خیبر پختونخوا میں پاسپورٹ ڈیسک کے قیام کے موقع پر ڈائریکٹر جنرل پاسپورٹ مصطفیٰ جمال قاضی خود پہنچے اور کہا کہ بلوچستان اسمبلی میں بھی پاسپورٹ آفس کے قیام کی منظوری دے دی گئی ہے۔صوبائی اسمبلیوں میں پاسپورٹ دفاتر کے قیام کا مقصد اراکین کو سہولت کی فراہمی ہے۔
ڈی جی پاسپورٹس نے مزید کہا کہ صوبائی اسمبلیوں میں پاسپورٹ دفاتر کی موجودگی سے بروقت اور باآسانی پاسپورٹ پراسیس ہوسکے گا۔
مصطفیٰ جمال قاضی نے یہ بھی کہا کہ محکمہ ملک بھرمیں پاسپورٹس کے بروقت اجرا کےلیے کوشاں ہے، شہریوں کی سہولت کے پیش نظر نئے جدید پرنٹرز منگوائے گئے ہیں، جن سے پاسپورٹس کے اجرا میں تاخیرکا مسئلہ حل ہو جائے گا۔