صحارا میں مسلسل بارش: نصف صدی سے خشک جھیل دریا میں تبدیل

83

رباط:صحارا میں مسلسل بارش کے نتیجے میں آنے والے سیلاب نے نصف صدی سے خشک پڑی جھیل کو دریا میں تبدیل کردیا۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق 50 سال میں پہلی مرتبہ صحرائے اعظم (صحارا) میں مسلسل بارش کے نتیجے میں زبردست سیلاب آیا، جس کے بعد نصف صدی سے خشک پڑی جھیل دریا جیسا خوبصورت منظر پیش کرنے لگی۔

شمالی افریقا میں مراکش کے جنوب مشرقی علاقے میں واقع وسیع و عریض صحرا میں مسلسل دو دن تک بارش برستی رہی، جس نے اس بنجر اور ریگستانی زمین کی پیاس بجھائی اور 5 دہائیوں سے پانی کی منتظر جھیل  دریا کی صورت  اختیار کر گئی۔

واضح رہے کہ مراکش میں ہونے والی اس بارش کے نتیجے میں ٹاٹا کے قرب و جوار کے علاقے اور دارالحکومت رباط سے کم و بیش ساڑھے 4 سو کلومیٹر کے فاصلے پر واقع گاؤں ٹیگو نائٹ سب سے زیادہ متاثر  ہوئے ہیں جہاں 100 ملی میٹر تک بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔

اس کے علاوہ کئی دیگر علاقوں میں بھی غیر معمولی بارش ہوئی ہے۔ حیران کن بات یہ ہے کہ شدید بارش کا یہ موسم گرمیوں  کے اختتام پر آیا، جب کہ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس وقت میں دنیا کے اس علاقے میں بارش ویسے ہی بہت کم ہوتی ہے۔

صحارا میں شدید بارش اور سیلاب نے Iriqui نامی جھیل  کو ایک خوبصورت دریا کی صورت دے دی ہے، جو ماہرین کے مطابق 1925 (تقریباً 50 سال سے) بالکل خشک اور پانی کی منتظر تھی۔ خلا سے لی گئی اس مقام کی تصاویر دیکھنے والوں کو حیران کررہی ہیں، جہاں صحرا میں ریت کے ٹیلوں اور کھجور کے درختوں  کے سائے پانی میں نظر آنے کا منظر دل اور آنکھوں کو فریب دے رہا ہے۔