پاک چین منصوبے عوام کی خوشحالی اور ترقی کی علامت ہیں، بیجنگ

133

بیجنگ: چینی وزارت خارجہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پاک چین منصوبے عوام کی خوش حالی اور ترقی کی علامت ہیں۔

ترجمان نے معمول کی  میڈیا بریفنگ میں کہا کہ چینی وزیراعظم کا دورہ دونوں ملکوں کے مابین مثالی تعلقات کو مزید طاقت ور اور مستحکم بنانے میں اہم کردار کا حامل ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کے منصوبوں کی تکمیل کے لیے پاک چین تعلقات اور روابط کارآمد ثابت ہوں گے۔ دونوں ملکوں کے عوام کے مفادات مشترکہ ہیں۔

انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ چینی وزیراعظم کے دورۂ  پاکستان سے دونوں ممالک کے درمیان روایتی دوستی آگے بڑھے گی۔  اسٹریٹیجک رابطے مضبوط ہوں گے اور سی پیک سمیت ہمہ جہت تعاون وسیع تر ہوگا۔

ترجمان چینی وزارت خارجہ نے کہا کہ اس سے قبل دوست ملک کے وزیراعظم شہباز شریف بھی چین کا کامیاب دورہ کرچکے ہیں اور یہ سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔

واضح رہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس میں شرکت کے لیے چینی وزیراعظم لی چیانگ آج پاکستان پہنچے ہیں، جہاں ان کا پُرتپاک استقبال کیا گیا۔ بعد ازاں وزیراعظم شہباز شریف اور چینی ہم منصب لی چیانگ نے پاکستان اور چین کے درمیان مختلف شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے اور گوادر ایئرپورٹ کا ورچوئل افتتاح بھی کیا گیا۔