سکھر (نمائندہ جسارت) سکھر میں خواتین کی میراتھن ریس منعقد کرنے کا اعلان، ضلع انتظامیہ نے 25 دسمبر کو کوٹ ڈیجی – سکھر میراتھن 2024 کے موقع پر خواتین کے لیے علیحدہ میراتھن ریس منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے ، خواتین کی میراتھن ریس بْبَرلوء سے پبلک اسکول سکھر تک 10 کلومیٹر مفاصلے پر مشتمل ہوگی۔ یہ اعلان ڈی آئی جی سکھر پیر محمد شاہ نے کمشنر سکھر فیاض حسین عباسی کے ہمراہ میراتھن ریس کے انتظامات کے سلسلے میں اجلاس کے دوران کیا۔ ڈی آئی جی سکھر نے کہا کہ 25 دسمبر کو میراتھن کے دو ایونٹ شیڈول کئے گئے ہیں، جس میں مردوں کے لیے کوٹ ڈیجی سے سکھر تک 42.195 کلومیٹر اور خواتین کے لیے بْبَرلوء سے پبلک اسکول سکھر تک 10 کلومیٹر کا دوسرا ایونٹ شامل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک قومی ایونٹ ہے جس کا مقصد دنیا کو یہ دکھانا ہے کہ ہمارے پاس ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ میراتھن میں حصہ لینے والے ایتھلیٹس کے میڈیکل چیک اپ کے لیے 1122 ایمبولنس، ڈاکٹر، عملہ اور ادویات کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھرگڑی سے گاڑہی پل تک کا راستہ بہت خراب ہے، جو قومی معیار کے مطابق نہیں ہے، اس میں بہتری کی ضرورت ہے۔ انہوں نے موٹر وے پولیس کے افسران سے کہا کہ ٹھیڑہی سے بْبَرلوء تک 3 گھنٹے کے لیے این 5 کی ایک طرف ٹریفک بند کرنے کا انتظام کیا جائے، اور اگر عملہ کی کمی ہو تو پولیس کی نفری بھی فراہم کی جائے گی . انہوں نے مزید کہا کہ میراتھن ریس کے لیے مختلف مقامات پر فرسٹ ایڈ کیمپس قائم کیے جائیں گے، اس موقع پر کمشنر سکھر فیاض حسین عباسی نے کہا کہ سکھر بیراج کے مرمتی کام کو میراتھن کے دن بند رکھا جائے اور تاریخی مقام کو سجایا جائے۔