حیدرآباد ریلوے اسٹیشن‘ کراچی ایکسپریس کی 2بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں

61

حیدرآباد (صباح نیوز) حیدرآباد ریلوے اسٹیشن کے قریب کراچی ایکسپریس کی2 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں۔ ریلوے حکام کے مطابق ٹرین کو اسٹیشن سے روانہ ہوتے ہی ریلوے یارڈ میں حادثہ پیش آیا، بوگیاں اترنے کے بعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ حادثے کے بعد تکنیکی عملہ پہنچ گیا، بوگیوں کو ٹریک پر لانے کا کام جلد شروع کردیا گیا۔ بوگیاں ٹریک سے اترنے سے اپ اور ڈائون ٹریک کی ریلوے ٹریفک معطل رہا۔ بعد ازاں کراچی ایکسپریس کی پٹڑ ی سے اترنے والی2 بوگیوں کو الگ کر کے اپ ٹریک کو بحال کردیا گیا، جس کے بعد مختلف اسٹیشنز پر روکی گئی ٹرینیں چل پڑیں۔ حکام نے اس حادثے کی تحقیقات شروع کردی ہیں تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔