ڈی ایس آفس پرپریم یونین کے زیراہتمام ملک گیر یوم یکجہتی فلسطین کے موقع پر ریلی۔ قیادت مرکزی صدر شیخ محمد انور نے کی۔ اس موقع پر لاہور ڈویژن کے صدر شیخ فیاض، ناصر خان، چودھری ظفر ریاض، ملک جمیل، حاجی عزیز مدنی، منصور سفری، خضر حیات سمیت ریلی میں پریم یونین کے ذمہ داران اور ریلوے ملازمین نے شرکت کی اور فلسطین کے پرچم اٹھا کرآزادی فلسطین کے حق میں شدید نعرہ بازی کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پریم یونین کے صدر شیخ محمد انور نے کہاکہ آج کے دن پوری امت مسلمہ نے اسرائیل اور اس کے سرپرست امریکہ کو واضح پیغام دیا ہے کہ آج پوری دنیا فلسطینیوں کے ساتھ کھڑی ہے فلسطینیوں پر ظلم بند کرو۔ اسلامی ممالک کے حکمران استعمار کے اشاروں پر کام کرتے ہیں، اس صورت حال میں امت کے پیش نظر دو بڑے چیلنجز ہیں، ایک تو انہیں باطل سے مقابلہ کرنا ہے اور دوسرا اس کے ایجنٹوں سے بھی جان چھڑانا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اسرائیل اہل فلسطین کو گاجرمولی کی طرح کاٹ رہا ہے جبکہ امت مسلمہ کے حکمران خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔اہل غزہ کی جرأت و بہادری کو سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ غزہ جل رہا ہے، 25 لاکھ فلسطینی مائیں، بہنیں، بیٹیاں، بزرگ، جوان، معصوم بچے اسرائیل، امریکا، فرانس، برطانیہ، جرمنی کے بنائے ہوئے بموں کی آگ میں جل رہے ہیں۔ اسرائیلی جہاز بمباری کر کے موت بانٹ رہے ہیں، اب بھی وقت ہے کہ امت مسلمہ کے حکمران آگے بڑھیں اور غزہ کو بچائیں۔ اس موقع پر فلسطینی شہدا کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی گئی۔