تارکین ِ وطن کی پسندیدہ جماعت عام طور پر ڈیموکریٹک پارٹی ہوتی ہے، کیونکہ اُن کی پالیسی تارکین ِ وطن کے لیے نسبتاً نرم ہوتی ہے۔ امریکا دراصل تارکین ِ وطن پر احسان نہیں کرتا، بلکہ وہ ساری دنیا سے جوہرِ قابل کو خریدتا ہے اور اُسے اپنے ملک کی سائنسی اور فنی ترقی کے لیے استعمال کرتا ہے، یہ لوگ اُن کے تحقیقی اداروں میں کام کرتے ہیں۔ پاکستانی تارکین ِ وطن بالعموم منقسم رہتے ہیں، پاکستان کی سیاسی جماعتوں کے مزارعین کے طور پر اُن کے نعرے لگاتے ہیں، مسلکی بنیاد پر بھی منقسم رہتے ہیں، اس لیے سیاسی جماعتوں میں اُن کی اہمیت بھارتی تارکین ِ وطن جیسی نہیں ہوتی۔ کثیر الممالک صنعتی اور کاروباری اداروں میں بھارتی ماہرین بڑی تعداد میں اعلیٰ عہدوں پر فائز ہیں، وہ وائٹ ہائوس کی بیوروکریسی میں بھی شامل رہتے ہیں اور نفوذ رکھتے ہیں۔
اس سال کے انتخابات میں تارکین ِ وطن اور خاص طور پر مسلمان ووٹروں کے لیے فیصلہ کرنا مشکل ہورہا ہے، یہ صورتِ حال ’’آگے کھائی اور پیچھے شیر‘‘ کی مانند ہے۔ مسلمان ووٹر بائیڈن کی ظالمانہ اسرائیل نواز پالیسی سے متنفر ہیں، لیکن اسرائیل نوازی میں ٹرمپ ان سے بھی دو ہاتھ آگے ہے۔ ڈیموکریٹس کی پالیسی اگرچہ تارکین ِ وطن کے لیے کسی حد تک نرم ہوتی ہے، لیکن بائیڈن کی معاشی پالیسیوں، یوکرین جنگ کی آگ کوبھڑکانے اور دیگر اقدامات نے کاروباری طبقے کو نقصان پہنچایا، ملازمتوں کے مواقع محدود ہوئے ہیں، مہنگائی ریکارڈ سطح تک بڑھی ہے، یہی حال شرحِ سود کا ہے۔ اس کے برعکس ٹرمپ کے پچھلے دورِ صدارت کے ریکارڈ کو دیکھتے ہوئے معیشت کے حوالے سے لوگوں کی اُن سے توقعات زیادہ ہیں۔
ریپبلکن پارٹی سرمایہ داروں کی نمائندہ جماعت ہے اور اُن کا فلسفہ ہے کہ سرمایہ داروں اور صنعت کاروں کو ٹیکس میں مراعات دی جائیں، کیونکہ وہ لوگوں کو روزگار فراہم کرتے ہیں، معیشت کے پہیے کو رواں دواں رکھتے ہیں اور ریاست کو بڑی مقدار میں ٹیکس دیتے ہیں، ٹرمپ اُن کا حقیقی نمائندہ ہے۔
یوکرین کی جنگ نے بلاشبہ روس کو بڑا دھچکا دیا ہے، پیوٹن کے لیے یہ مہم جوئی مہنگی پڑی ہے اور اسے اس کی بھاری قیمت ادا کرنی پڑرہی ہے۔ امریکا یوکرین کی پشت پر کھڑا ہے، نیز ناٹو ممالک کو بھی ایک ڈوری میں باندھ کر روس کے خلاف کھڑا کردیا ہے، لیکن یورپی ممالک کو بھی اس کی بھاری قیمت ادا کرنی پڑ رہی ہے، مہنگائی تاریخ کی بلند ترین سطح کو چھورہی ہے۔ انہیں روس سے سستا ایندھن مل رہا تھا، روس پر تجارتی پابندیوں کے سبب یہ سب چیزیں حتیٰ کہ گندم اور اشیائے خوراک بھی اُن کے لیے مہنگی ہوگئی ہیں۔ حال ہی میں برٹش ہائی کمیشن اسلام آباد کی پولیٹکل کونسلر زی ویئر (Zoe Ware) سے ہماری ملاقات ہوئی، ہم نے اُن سے کہا: ’’پورا یورپ اپنی انا کو بھول چکا ہے، امریکا کا تابعِ مُہمَل ہے، لگتا ہے کہ عالمی مسائل پر یورپ کا اپنا کوئی نکتۂ نظر ہے ہی نہیں، امریکا سے جو حکم صادر ہوتا ہے، یورپ آنکھیں بند کر کے اس پر عمل پیرا ہوجاتا ہے۔نیز موجودہ عالمی سیاست کا المیہ یہ ہے کہ حکمران ہیں، سیاست دان ہیں، قائدین ہیں، لیکن مدبِّرین کا فقدان ہے اور مُدَبِّرین کا طبقہ ہی دنیا کو بحران سے نکال سکتاہے۔ عملی (Defacto) صورتِ حال یہ ہے کہ امریکا واحد سپر پاور ہے، مگر اس کے پاس دنیا کے کسی بحران کو حل کرنے کی صلاحیت اور عزم کا فقدان ہے، فلسطین اور یوکرین کا بحران اس کا واضح ثبوت ہے۔ بلاشبہ چین ایک ابھرتی ہوئی معاشی قوت ہے، دنیا کی بڑی معیشتوں میں اس کا دوسرا نمبر ہے، لیکن وہ کسی جنگ میں الجھنے اور امریکا کے زیرِ قیادت مغربی طاقتوں سے تصادم کے لیے بالکل تیار نہیں ہے، کیونکہ اس کی معاشی ترقی کا انحصار یورپ اور امریکا کی منڈیوں پر ہے، نیز ابھی وہ سائنسی ترقی اور اعلیٰ درجے کی ٹیکنالوجی میں امریکا کا ہمسر نہیں ہے۔ امریکا کو گلہ یہی ہے کہ ہم اربوں ڈالر خرچ کر کے تحقیقات کرتے ہیں، جدید ترین ایجادات کرتے ہیں، حربی اسلحہ بناتے ہیں، کمپیوٹر ٹیکنالوجی کو آسمان کی بلندیوں پر لے جاتے ہیں اور چین تحقیقات پر پیسہ خرچ کیے بغیر اس کی نقل کرلیتا ہے، نقل کرنے میں چینی باکمال ہیں۔
بلاشبہ پاکستانی تارکینِ وطن نے یورپ، امریکا، کینیڈا اور آسٹریلیا سمیت دیگر ممالک میں بہت ترقی کی ہے، معاشی لحاظ سے مستحکم ہیں، میڈیکل اور آئی ٹی کے شعبے میں بعض اعلیٰ کارکردگی دکھا رہے ہیں۔ جب ہمارے تارکینِ وطن اعلیٰ برانڈ کی گاڑیوں میں گھومتے ہیں، اعلیٰ مکانات میں رہتے ہیں، تو بعض سفید فام بھی انہیں رشک کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور ایک طرح سے اُن میں احساسِ محرومی پیدا ہوتا ہے اور اسی احساسِ محرومی کو نسلی عصبیت میں ڈھال کر بعض نسل پرست گروہ سیاسی میدان میں اپنے لیے گنجائش پیدا کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ لیکن تاحال اقتدار تک اُن کی رسائی نہیں ہوئی، کیونکہ مغربی معاشرہ متنوّع (Diversified) ہے اور اُن کی ترقی کا رازاسی میں مضمر ہے۔ تھوڑی دیر کے لیے تارکین ِ وطن کی نفی کردی جائے تو اُن کی معیشت کی بلند وبالا عمارت دھڑام سے گر جائے۔ لہٰذا امریکا اور مغربی ممالک میں تارکینِ وطن کے لیے مواقع پیدا ہوتے رہیں گے، ضرورت اس امر کی ہے کہ ہمارے ملک میں ہر شعبے میں عالمی معیار کے ماہرین تیار کیے جائیں، اُن کی طلب ہرجگہ موجود ہے۔
میں اپنے خطابات میں پاکستانی برادری کے لوگوں سے کہتا رہتاہوں: آپ پاکستان سے آتے ہوئے ساری خرابیوں کو ٹرنک میں ڈال کر یہاں لے آئے اور آج تک اُنہیں سینے سے لگائے بیٹھے ہیں۔ ان ترقی یافتہ ممالک نے آپ کو آسائشیں، راحتیں اور ترقیاں تو بہت دی ہیں، لیکن ذہنی ارتقاء نہیں ہوسکا، علم اور اہلِ علم سے محبت اور فروغِ علم کے بجائے ابھی تک آپ اُسی دینی اور سیاسی ماحول میں جی رہے ہیں۔ نعت خوانوں اور قوالوں کو، مغنّیوں اور رقاصوں کی سطح پر لاکر اُن پر نوٹ نچھاور کرنے کا شعار اب بھی اپنائے ہوئے ہیں، جعلی عاملوں کے حصار میں رہتے ہیں۔ بیعت وارشاد سے بھی وابستہ ہونا ہو تو صاحبانِ علم، صاحبانِ ورع وتقویٰ اور صاحبانِ کردار اور مصلحین آپ کی ترجیح نہیں ہوتے۔ آپ اپنے شعور کو امت اور ملت کی سطح تک بلند نہیں کرسکے، اس لیے یہاں بھی اصلاحی تحریک برپا کرنے کی ضرورت ہے۔
ٹینیسی اسٹیٹ میں ڈاکٹر شہرام ملک اور ان کی اہلیہ دونوں ڈاکٹر ہیں، وہ ہمارے مہربان ہیں، جب بھی ہمیں امریکا جانا ہوتا ہے، اُن کے ہاں ضرور ایک طویل نشست ہوتی ہے، اُس میں بڑی تعداد میں شعبۂ طب، آئی ٹی اور تعلیم سے وابستہ خاندان مدعو کیے جاتے ہیں، اُن کے ساتھ سوال وجواب کی نشست ہوتی ہے۔ یہ مجلس دوطرفہ طور پر مفید ہوتی ہے، فریقین کو اِفادہ و استفادہ ہوتا ہے، یعنی ہم اُن کے علم سے فائدہ اٹھاتے ہیں اور دینی معلومات فراہم کرنے میں اُن کی خدمت بجالاتے ہیں۔ ہمارے ہاں نئی نسل میں لباس، وضع قطع، نشست وبرخاست اور بول چال میں مغرب زدہ ہونے کا رجحان واضح ہے۔
ظاہر ہے کہ اس کا سبب ذہنی مرعوبیت اور لاشعور میں احساسِ کہتری ہے، یعنی ہم تہذیب وثقافت کے اعتبار سے ایک مخلوط (Hybrid) نسل تیار کر رہے ہیں۔ لیکن وہاں جو حضرات وخواتین اور نوجوان نسل کے لوگ دین کے قریب ہیں، وہ یہاں کے مقابلے میں نہایت قابلِ قدر اور قابلِ تحسین ہیں۔ اُن پر مرعوبیت کے آسیب کا سایہ بھی نہیں ہوتا، خود اعتمادی ہوتی ہے، خود داری ہوتی ہے اور اپنے دین و ایمان اور تہذیب وثقافت کی نفاست پر یقین ِ کامل ہوتا ہے۔ کہا جاتا ہے کہ چین نے آبادی کے دبائو سے نکلنے کے لیے ایک بچہ پیدا کرنے کی جو تحریک شروع کی تھی، اب وہ اُن کی فطرتِ ثانیہ بن گئی ہے۔ بھارت آبادی میں چین کے برابر آگیا ہے، بلکہ آگے نکل گیا ہے، اوسَط عمر میں اضافے کی وجہ سے مغرب اور چین میں عمر رسیدہ لوگوں کی کثرت ہوتی جارہی ہے اور نوجوان آبادی کی قلت کا مسئلہ درپیش ہے۔ اب چین بھی اپنی صنعتوں کے لیے بیرونِ ملک مواقع کی تلاش میں ہے، لیکن ظاہر ہے کہ اس کے لیے سرمائے اور جان ومال کے تحفظ کی خاطر آئینی اور قانونی ضمانتیں اور نظام میں استحکام درکار ہوتا ہے۔ پاکستان کو اپنے داخلی استحکام پر توجہ دینے اور حاکم کے قانون کے بجائے قانون کی حاکمیت قائم کرنے کی شدید ضرورت ہے، لیکن یہ محض طفل تسلیوں اور دعووں پر مبنی نہ ہو، بلکہ نظر بھی آنی چاہیے۔