کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ عمران اسرائیل گٹھ جوڑ ایس سی او کانفرنس کو سبوتاژ کرنے کے لئے سرگرداں ہے، بانی پی ٹی آئی پاکستان میں سیاست نہیں بلکہ صیہونی مفادات کے تحفظ کے لیے کام کر رہے ہیں، عمران خان کے تل ابیب کے ساتھ روابط ملک دشمن قوتوں کی جانب سے ایس سی او کو سبوتاڑ کرنے کی مربوط کوششوں کا حصہ ہیں۔ ایک بیان میں شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی اور اسرائیل کا گٹھ جوڑ پاکستان کے قومی مفادات پر سمجھوتا ہے، ماضی میں بھی عمران خان پاک چین دوستی کو نقصان پہنچانے کے لیے چینی صدر کے دورے کو سبوتاژ کرنے کی سازش کا حصہ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی قیادت بیرونی ملک دشمن ایجنڈوں پر عمل پیرا ہے، پاکستان کی سلامتی و خودمختاری پر ملک دشمن مفادات کو ترجیح دیتی ہے،پی ٹی آئی کا تھنک ٹینک اس وقت تل ابیب میں بیٹھا ہوا ہے اور پاکستان کے خلاف سازشوں میں مصروف ہے۔ سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پی ٹی آئی کے اہم پالیسی مشیر اسرائیل میں بیٹھے ہیں، جو پاکستان کو کمزور کرنے کے لیے سرگرم ہیں، پی ٹی آئی کو تل ابیب سے پالیسیاں، ہدایات اور حمایت مل رہی ہے،بین الاقوامی لابنگ کے لیے تل ابیب میں پی ٹی آئی کے ہینڈلرز مسلسل متحرک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی قوتوں کی جانب سے پی ٹی آئی کی امداد کا مقصد ملک میں سیاسی عدم استحکام پیدا کرنا اور پاکستان کی اقتصادی اور سفارتی ترقی کو نقصان پہنچانا ہے، پاکستانی نڑاد صادق خان کے مقابلے میں زیک گولڈ اسمتھ کی توثیق عمران اسرائیل گٹھ جوڑ کا ثبوت ہے، فلسطین پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف اے پی سی میں پی ٹی آئی کی عدم شرکت نے پی ٹی آئی اور اسرائیل گٹھ جوڑ کو بے نقاب کردیا ہے۔سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ زیک گولڈ اسمتھ جیسے افراد پی ٹی آئی کے لیے سازگار پاکستان مخالف بیانیہ کو فروغ دے رہے ہیں، ملک کے مستحکم اداروں کے خلاف سازشیں اور ان پر حملے اسرائیلی آشیرواد سے کئے جا رہے ہیں، عمران خان ملکی اداروں کو کمزور کرکے صیہونی مفادات کے لئے راستہ ہموار کرنا چاہتے ہیں