کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ ہمارے ملک کو زرمبادلہ کا بڑا مسئلہ رہتا ہے، سعودی عرب نے اپنے حصے سے بڑھ کر اپنا کردار ادا کیا پاکستان کے مفادات سے زیادہ ذاتی مفادات کو اہمیت دینے کی سوچ خطرناک ہے، سیاسی رہنمائوں کی تقلید ملکی مفاد میں ہوسکتی ہے، ملکی مفاد کے خلاف نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز مقامی ہوٹل میں سعودی عرب کے 94 قومی دن کے حوالے سے “پاکستان سعودی عربیہ کے تعلقات ماضی، حال اور مستقبل” کے عنوان سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے کراچی میں سعودی قونصل جنرل، معروف اسلامی اسکالر و چیئرمین پاکستان علماکونسل و سیکرٹری جنرل انٹرنیشنل تنظیم حرمین شریفین کونسل حافظ محمد طاہر اشرفی اور محمد امین اللہ و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنی نالائقی کی وجہ سے اس مقام پر نہیں جہاں ہونا چاہیے تھا، آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے میں بیشمار مشکلات تھیں، انہیں دور کرنے میں سعودی عرب نے بڑا کردار ادا کیا۔وزیر بلدیات سندھ نے مزید کہا کہ سعودی عرب میں شاید 26 یا 27 لاکھ پاکستانی ملازمتیں کرتے ہیں، دنیا میں سب سے زیادہ پاکستانی سعودی عرب گئے ، ہمیں کوشش کرنی چاہیے خود کفیل بن جائیں۔سعید غنی نے یہ بھی کہا کہ ایس سی او کانفرنس پاکستان میں ہو رہی ہے، بڑے ممالک کے وفود اس لیے نہیں آتے کہ یہاں امن و امان کے حالات ٹھیک نہیں۔ سعید غنی نے کہا کہ سعودی عرب کی مدد کا ہم اتنا فائدہ اٹھائیں کہ ہم خود کفیل ہوجائیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بین الاقوامی وفود کی آمد روکنے کے لیے دشمن ممالک کا بڑا ہاتھ ہے، پاکستان میں شنگھائی کانفرنس ہونے جارہی ہے، ملک دشمن عناصر و ممالک چاہتے ہیں کہ یہ کانفرنس نہ ہو۔