اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ چینی انڈیپینڈنٹ پاور پروڈیوسرز (آئی پی پیز ) پاکستان میں سب سے بڑے بیرونی سرمایہ کار ہیں، چین کی پاکستان کے توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری قابل تحسین ہے۔ اسلام آباد میں چینی چیمبر آف کامرس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چین کی ترقی دنیا کے لیے مثال ہے، چین نے مجموعی طور پر پاکستان کے توانائی کے شعبے میں 20 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کی ہے اور ملک میں توانائی کے شعبے کو مکمل طور پر تبدیل کردیا ہے‘ سی پیک کے منصوبوں نے 9 ہزار میگاواٹ کی بجلی پیدا کرنے میں مدد دی ہے‘ انہوں نے قابل تجدید توانائی کے ذرائع میں سرمایہ کاری کی ہے جو سی پیک فیز 2 کے لیے گیم چینجر ثابت ہوگا۔ محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ سی پیک فیز 1 میں ملک میں انفرااسٹرکچر بنانے پر کام کیا گیا جبکہ سی پیک فیز 2 میں اس انفرااسٹرکچر کو بروکار لایا جائے گا۔وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ ملک معیشت درست سمت میں گامزن ہے، پچھلے چند ماہ میں پاکستانی کرنسی میں استحکام آیا ہے، ملکی برآمدات میں اضافہ ہوا ہے‘ غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر اگلے 2 ہفتے میں 11 ارب ڈالرز تک پہنچ جائیں گے۔