گھر میں ماؤنٹ ایورسٹ چڑھنے کا انوکھا کارنامہ

171

ہم ایک ایسی دنیا میں جی رہے ہیں جس میں لوگ زیادہ سے زیادہ انفرادیت یقینی بنانے کے لیے بے تاب رہتے ہیں۔ لوگ خود کو منوانے کی بے تابی میں طرح طرح کے تجربے کرتے رہتے ہیں۔ ایسا ہی ایک تجربہ امریکی شہر لاس ویگاس کے ایک شہری نے بھی کیا ہے۔

شان گریزلے نے سوچا کہ ماؤنٹ ایوریسٹ کو سر کرنے نیپال کون جائے۔ اچھا ہے کہ گھر کی سیڑھیاں چڑھتے اترتے یہ کام کرلیا جائے۔ اُس نے لائیو اسٹریمنگ کا اہتمام کیا اور گھر کی سیڑھیوں پر چڑھنے اترنے کا عمل کم و بیش 23 گھنٹوں میں مکمل کرلیا۔ ان 23 گھنٹوں میں شان گریزلے نے 29 ہزار 31 فیٹ اور 6 انچ کا فاصلہ طے کیا۔

گریزلے کے اس منفرد کارنامے کو گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز میں بھی درج کرلیا گیا ہے۔ گریزلے کے منفرد کارنامے کو ہزاروں افراد نے لائیو دیکھا۔ گریزلے کا کہنا ہے کہ میں ان لوگوں کے لیے کام کرنا چاہتا ہوں جو زندگی سے مایوس ہوچکے ہیں اور خود کشی کے بارے میں سوچنے لگے ہیں۔ زندگی بہت خوبصورت ہے۔ ڈھنگ سے جینے کے لیے انسان میں مثبت سوچ کا پنپنا لازم ہے۔ میں اپنے ریکارڈ کی بدولت مایوس انسانوں کو جینے کا پیغام دینا چاہتا ہوں۔