جاپان میں سیاحت کو فروغ دینے کے لیے ایک حیرت انگیز قدم اٹھایا گیا ہے۔ جاپان ایئر لائنز نے ملک کے ان شہروں کے لیے پروازیں مفت کردی ہیں جن میں لوگ زیادہ دلچسپی نہیں لیتے۔ یہ سہولت صرف غیر ملکی سیاحوں کو فراہم کی جارہی ہے۔
جاپان ایئر لائن کا کہنا ہے کہ سیاحت کا شعبہ کووڈ کے بعد سے اب تک جاپان میں پوری طرح فعال نہیں ہوسکا ہے۔ ایسے میں لازم ہے کہ سیاحوں کو اپنی طرف متوجہ کرنے کے لیے پُرکشش آفرز کی جائیں۔ غیر ملکی سیاح اب جاپان کے ریٹرن ٹکٹ خریدتے وقت چند جاپانی شہروں کے مفت ایئر ٹکٹ حاصل کرسکیں گے۔ اس صورت وہ یہ بھی اندازہ لگاسکیں گے کہ جاپان جانا اور سیر و تفریح کرنا اُن کے لیے کتنا سستا معاملہ ہوسکتا ہے۔
جاپان ایئر لائنز کا یہ اقدام انتہائی حیرت انگیز قرار دیا جارہا ہے کیونکہ دنیا بھر میں اوور ٹورزم کا مسئلہ اٹھ کھڑا ہوا ہے یعنی بہت سے ملکوں میں سیاح بہت زیادہ تعداد میں آرہے ہیں جس کے نتیجے میں مقامی باشندوں کے لیے الجھنیں پیدا ہو رہی ہیں۔ اسپین، اٹلی، بلیجیم، ہالینڈ اور چند دوسرے یورپ یورپی ممالک میں لوگ سیاحوں کی بڑھتی ہوئی تعداد سے پریشان ہیں۔