کراچی:اسلامی جمعیت طلبہ کراچی کے زیرِ اہتمام ٹیکنوفیسٹ پاکستان کے دوسرے اور آخری روز ناظم اسلامی جمعیت طلبہ کراچی آبش صدیقی نے افتتاحی خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیکنوفیسٹ طلبہ و طالبات کے لئے گیم چینجر ثابت ہوگا۔
ایکسپو سینٹر میں دو روزہ منعقد ہونے والے ٹیکنو فیسٹ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ناظم کراچی اسلامی جمعیت طلبہ نے کہاکہ ملک میں مایوسی کے کلچر کو ختم کرنے کے لیے مستقبل کے معماروں کو جدید تعلیم سے آراستہ کیا جائے،اسلامی جمعیت طلبہ نے تمام شعبہ جات کے طلبہ و طالبات کو ٹیکنوفیسٹ پاکستان کے پلیٹ فارم پر جمع کیا ہے۔
آبش صدیقی نے کہاکہ انشاءاللہ اسلامی جمعیت طلبہ ٹیکنوفیسٹ پاکستان کے ذریعہ تمام شعبہ جات کے طلبہ و طالبات کو انڈسٹری سے متعارف کرائے گی اور پاکستان کے بہتر مستقبل کے لئے یہ جدو جہد جاری رہے گی۔
ٹیکنوفیسٹ میں 200 سے زائد اسٹالز لگائے گئے ہیں جن میں انفارمیشن ٹیکنالوجی، آرٹیفیشل انٹیلیجنس، جاب فیئر اور مختلف صنعتی شعبہ جات سے متعلق اسٹالز شامل تھے جبکہ 30 سے زائد ملٹی نیشنل کمپنیاں ایونٹ کے دوران انٹرویوز کر کے طلبہ کو روزگار کے مواقع فراہم کر رہی تھی۔
فیسٹیول کے دوران 50 سے زائد مقابلے منعقد کیے گئے، جن میں سائبر سیکورٹی، روبو وارز، اور دیگر جدید ٹیکنالوجیز کے شعبہ جات شامل تھے، نمائش کے دوران ایک کروڑ روپے کے انعامات تقسیم کیے گئے۔
ٹیکنوفیسٹ میں طلبہ و طالبات نے 100 ایسے اسٹالز لگائے، جن پر وہ اپنے بنائے ہوئے پروجیکٹس کی نمائش کررہےتھے اور سب سے اچھے پروجیکٹ کو “Innovation of the Year ” کا نقد انعام 10 لاکھ روپے دیا گیا اور تمام نمائش کے تمام انعامات کی کُل انعامی رقم 1 کروڑ رکھی گئ تھی ۔
فیسٹول کا مقصد طلبہ کو مایوسی سے نکال کر انڈسٹری سے منسلک کرنا اور پاکستان سے مایوسی کا کلچر ختم کرنا ہے۔