اسلام آ باد: سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول زرداری تاریخ سے بالکل نابلد ہیں، قائد اعظم سے منسوب ان کا آئینی عدالت کا بیان شوشا ہے کیونکہ اس وقت برصغیر پاک و ہند میں تو کورٹ کا وجود ہی نہیں تھا بلکہ اس وقت پِری وی کونسل ہوا کرتی تھی جس کا وجود لندن میں تھا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے بلاول کے قائد اعظم محمد علی جناح سے متعلق بیان کو شوشا قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر یہ آئینی ترمیم ہوگئی تو فیڈریشن، سپریم کورٹ اور چیف جسٹس کا عہدہ ختم ہو جائے گا اور ہم اسے آئینی ترامیم نہیں بلکہ پی سی او کہیں گے۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ بلاول کو کسی نے کہہ دیا ہوگا اور انہوں نے بول دیا، ترمیم سے متعلق سب کو اعتماد میں لینا ہوگا، بغیر اعتماد کے ترمیم ملک کو نقصان پہنچائے گی،حکومت اپوزیشن کے بغیر ترمیم کرکے ایوان کاماحول خراب کرے گی۔