ٹھٹھہ: جنگشاہی میں ریلوے کی سفری سہولتیں ختم کرنے کیخلاف احتجاج

119

ٹھٹھہ (جسارت نیوز) جنگشاہی میں ریلوے کی سفری سہولتیں ختم کرنے اور ٹرین کے اسٹاپ ختم کرنے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے شہریوں اور سماجی کارکنوں نے جنگشاہی ٹاؤن سے ریلی نکال کر جنگشاہی ریلوے اسٹیشن تک احتجاج کیا اور نعرے بازی کی اور ٹرینوں کی بحالی کا مطالبہ کیا۔ ضلع ٹھٹھہ کے قدیم کوہستان کے علاقے جنگشاہی اور جھمپیر کے ریلوے اسٹیشنوں پر عوامی ایکسپریس کو اچانک بند کرنے اور کوہستان کے مکینوں کو ٹرین کی سفری سہولت سے محروم کرنے کے خلاف جنگشاہی کے رہائشی پیر غلام حسین شاہ، منیر بروہی، حاجی گل محمد جوکیو، مرتضیٰ پلیجو، صدام بروہی، علی اکبر کشمیری اور دیگر کی قیادت میں احتجاجی ریلی نکال کر جنگشاہی شہر کا گشت کرنے کے بعد ریلوے اسٹیشن جنگشاہی کے پلیٹ فارم پر احتجاج کیا اور نعرے بازی کی۔ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ریلوے انتظامیہ نے عوامی ایکسپریس کا اسٹاپ بلاجواز منسوخ کر کے انہیں ریلوے ٹرین کی سفری سہولت سے محروم کر دیا ہے جبکہ اس سے قبل غوث بہاؤالدین ذکریا اور ملتان ایکسپریس ٹرینوں کے اسٹاپ جنگ شاہی پر روکے گئے تھے اور جھمپیر کے ریلوے اسٹیشنوں پر عوامی ایکسپریس سمیت مختلف ٹرینوں کے اسٹاپ فوری طور پر بحال کرنے کا مطالبہ کیا۔