کسی بھی آئینی ترمیم کیلیے متفقہ قرار دار کی منظوری لازمی نہیں ، نثار کھوڑو

174
بدین: پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو و دیگر پریس کانفرنس کر رہے ہیں

بدین (نمائندہ جسارت) پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کی جدوجہد آئین اور پارلیمنٹ کی بالادستی جمہوریت کی مضبوطی اور قانون پر عملداری ہے ، پیپلزپارٹی کے صوبائی صدر نثار احمد کھوڑو سانحہ 18 اکتوبر کے شہداء کی یاد میں حیدر آباد میں ہونے والے جلسے کی تیاریوں کے سلسلے میں کے مقامی ہال میں منعقد ورکرز کنونشن میں شرکت اور خطاب کے بعد رکن صوبائی اسمبلی حاجی تاج محمد ملاح کی جانب سے ان کی رہائش گاہ پر دیے گئے ظہرانے کے موقع پر صوبائی عہدیدران سرفراز راجڑ، نعمان شیخ کے علاوہ ارکین اسمبلی حاجی رسول بخش چانڈیو ، حاجی تاج محمد ملاح ، ارباب امان اللہ ، ڈاڈا محمد ہالیپوٹو ، یاسمین شاہ ، تنزیلہ قمرانی ، سندھ حکومت کے ترجمان عبدالوحید ہالیپوٹو، چیئرمین میونسپل کمیٹی پیر محمد صالح قریشی، سیکرٹری اطلاعات ضلع بدین فدا حسین مندرو کے ہمراہ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ جمہوریت کی بحالی اور مضبوطی کے علاوہ سندھ اور عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے جدوجہد کی اور جب جب موقع ملا تو عملی اقدامات کیے۔ نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ آئینی ترمیم جمہوریت کا تسلسل اور حصہ ہے جبکہ آئینی عدالت وقت کی ضرورت ہے شعری عدالت کا قیام بھی ضروت سمجھتے ہوئے عمل میں لایا گیا، پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی بھرپور کوشش ہے کہ آئینی ترمیم کی منظوری سے قبل تمام سیاسی جماعتوں اور جمہوری طاقتوں کے ساتھ مشاورت اور ان کو اعتماد میں لے کر آئینی ترمیم کو منظور کیا جائے۔ نثار احمد کھوڑو کا کہنا تھا کہ کسی بھی آئینی ترمیم کے لیے متفقہ قرارداد کی منظوری لازمی نہیں بلکہ اس کے لیے آئین میں دیے گئے طریقہ کار اور اراکین کی تعداد پوری ہونی چاہیے، پیپلزپارٹی نے ہمیشہ عوام اور سندھ کے حقوق کے تحفظ کے لیے جدوجہد ہر سندھ اور عوام دشمن منصوبے اور عمل کے خلاف آواز بلند کی ارسا ایکٹ میں ترمیم اور دریائے سندھ سے غیر قانونی کینال کی تعمیر کے خلاف سب سے پہلے پیپلزپارٹی نے آواز بلند کی اور سندھ اسمبلی میں ہم نے اس عمل کے خلاف قرارداد منظور کر کے اپنا فرض پورا کرتے ہوئے وفاق کو اپنے خدشات تحفظات اور احتجاج سے آگاہ کر دیا، اب ارسا ایکٹ میں ترمیم اور کینال کی تعمیر ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے دیگر جمہوری اور سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر کالا باغ ڈیم کی تعمیر کے خلاف جدوجہد کی اور سندھ اسمبلی میں قرارداد پیش کی اور منظوری کے بعد کالا باغ ڈیم کے چیپٹر کو ہمیشہ کے لیے بند کر دیا، سندھ کی تعمیر ترقی اور عوامی خوشحالی پیپلزپارٹی کا منشور ہے جس پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے، سندھ میں عوام کو علاج کے لیے مفت اور جدید سہولیات کی فراہمی کے بعد تعلیم کے فروغ اور معیار کو بہتر سے بہتر بنانے کے لیے میرٹ پر اساتذہ کی بھرتی کا سلسلہ جاری ہے، ہماری کوشش ہے کہ ضلع کی سطح پر یونی ورسٹیز کے قیام کو یقینی بنایا جائے تاکہ ہر بچہ مقامی سطح پر اعلیٰ تعلیم حاصل کر سکے۔ اس سے قبل پیپلزپارٹی کے صوبائی صدر نثار احمد کھوڑو نے مقامی ہال میں پیپلزپارٹی کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی 18 اکتوبر کے شہدا سمیت اپنے تمام شہداء کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے حیدرآباد میں عظیم الشان جلسہ منعقد کر رہی ہے جس سے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری خطاب کریں گے۔