لاہور کی تمام گٹرلائنوں میں پولیو وائرس کی تصدیق

181

 

اسلام آباد ( نمائندہ جسارت) محکمہ صحت کے مطابق لاہورشہر کے تمام سیوریج میں پولیو وائرس کی موجودگی کی تصدیق کی گئی ہے۔ قومی ادارہ صحت کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ لاہور کے سیوریج کے تین نمونوں میں پولیو وائرس موجود ہے۔ملتان روڈ، آئوٹ فال روڈ اور گلشن راوی ڈسپوزل اسٹیشنز سے لئے گئے سیوریج نمونوں میں وائرس کی موجودگی کی تصدیق کی گئی ہے۔راولپنڈی میں 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے مزید 114کیس رپورٹ ہوئے،جس کے بعد ضلع بھر میں رواں سال اب تک کیسز کی مجموعی تعداد 2504 ہو گئی ہے۔ فوکل پرسن ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر جود کے مطابق ضلعی انتظامیہ راولپنڈی نے رواں سال اب تک ڈینگی ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر 4129 ایف آئی آرز،2812 کوچالان، 1623 عما رتیں سر بمہرجبکہ 18،788،500 روپے جرمانہ عائد کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق اس وقت221 مریض ضلع کے مختلف ٹیچنگ ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں جن میں سے 53 مریض ہولی فیملی ہسپتال، 86 بینظیر بھٹو ہسپتال، 34 راولپنڈی ٹیچنگ ہسپتال اور 48 فوجی فاؤنڈیشن ہاسپٹل میں زیر علاج ہیں۔