زمین کی طرف بڑھتا شدید شمسی طوفان: توانائی کے گرڈز متاثر ہونے کا خدشہ

305

واشنگٹن: امریکی قومی ماحولیاتی اور فضائی انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ ایک شدید شمسی طوفان زمین کی طرف بڑھ رہا ہے، جو توانائی کے گرڈز پر سنگین اثرات مرتب کر سکتا ہے۔ یہ طوفان دو ہفتے قبل سمندری طوفان ہیلیئن کے نتیجے میں پیدا ہونے والے طوفانوں سے زیادہ نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔

NOAA کے خلائی موسمیاتی پیش گوئی کرنے والے شان ڈاہل نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان علاقوں میں بجلی کے گرڈز شدید متاثر ہو سکتے ہیں جو سمندری طوفان سے پہلے ہی نقصان کا شکار ہیں۔ ان کے مطابق، شمسی طوفان کی شدت سے عارضی طور پر توانائی کی فراہمی اور ریڈیو سگنلز میں خلل کا امکان ہے۔

سائنسدانوں کے مطابق، سورج سے خارج ہونے والی توانائی کے مشاہدے کے بعد یہ انتباہ جاری کیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں شمسی طوفان زمین کی فضا میں داخل ہو کر ٹیکنالوجی پر مبنی نظاموں کو متاثر کر سکتا ہے۔

NOAA نے بجلی گھروں، خلا میں موجود سیٹلائٹس کے آپریٹرز، اور دیگر متعلقہ اداروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وفاقی ایمرجنسی مینجمنٹ ایجنسی (FEMA) کو بھی ممکنہ توانائی کی فراہمی میں خلل کے بارے میں آگاہ کیا گیا ہے۔

NOAA کے اسپیس ویدر پریڈکشن سینٹر کے سائنسدان راب اسٹینبرگ کا کہنا ہے کہ فلوریڈا جیسے جنوبی علاقوں میں توانائی کے نظام پر اثرات کا خطرہ کم ہے، لیکن اگر طوفان کی شدت میں مزید اضافہ ہوا تو یہ علاقے بھی متاثر ہو سکتے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ شمسی طوفان مئی میں آنے والے طوفان سے زیادہ شدید نہیں ہوگا، جو گزشتہ بیس سالوں میں سب سے طاقتور تھا۔ تاہم، اس طوفان کی اصل شدت کا اندازہ اس وقت لگایا جا سکے گا جب یہ زمین سے دس لاکھ میل دور موجود خلائی مشاہدہ کرنے والے جہاز تک پہنچے گا۔

زمین پر موجود تکنیکی نظاموں کو ممکنہ طور پر نقصان سے بچانے کے لیے حکومتی ادارے اور ماہرین مسلسل صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔