واشنگٹن:ایرانی پیٹرولیم شعبے پر عائد پابندیوں میں امریکا نے توسیع کردی۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق امریکا کی جانب سے اسرائیل پر میزائل حملوں کے ردعمل میں ایران کے پییڑولیم اور پیٹروکیمیکل کے شعبوں پر عائد کی گئی پابندیوں میں توسیع کردی گئی ہے۔
اس سلسلے میں امریکی محکمہ خزانہ نے کہا کہ اسرائیل پر میزائل حملوں کے جواب میں امریکا نے ایران کے پیٹرولیم اور پیٹروکیمیکل شعبوں پر عائد پابندیوں میں مزید توسیع کردی ہے۔ اس سے ایران پر مالی دباؤ پڑے گا۔ پابندیوں سے ایران کو خطے کا امن خراب کرنے، امریکی شراکت داروں اور اتحادیوں پر حملوں کے لیے توانائی کے شعبے سے حاصل ہونے والے سرمایہ کے مواقع محدود ہوں گے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ اس فیصلے کے تحت محکمہ خذانہ ایرانی معیشت کے پیٹرولیم اور پیٹروکیمیکل شعبے میں کام کرنے والے کسی بھی فرد پر پابندی عائد کرے گی۔