لاہور: معروف اسلامی اسکالر اور عالمی مبلغ ڈاکٹر ذاکر نائیک نے کہا ہے کہ مسلمان شرعی تعلیمات پر عمل کریں تو ایک بار پھر دنیا پر چھا جائیں۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق بادشاہی مسجد لاہور میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ذاکر نائیک کا کہنا تھا کہ اس وقت غزہ سمیت دنیا بھر میں ہونے والے قتل عام کی بڑی وجہ قرآن سے دوری ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلمان ہر جگہ زیرعتاب ہیں لیکن یہ مجبور ہیں، کیوں کہ ہم کر بھی کیا سکتے ہیں، تاہم آج بھی سب سے زیادہ دنیا میں اگر کسی چیز کی ضرورت ہے تو وہ قرآن مجید کی ہے۔ یہی وہ کتاب ہے جو ہدایت کا راستہ ہے۔
ڈاکٹر ذاکر نائیک نے کہا کہ قرآن ہی حق کا پیغام ہے۔ اس میں مظلوموں کے لیے امید ہے۔ یہی وجہ ہے کہ میں ہمیشہ کہتا ہوں کہ قرآن ایک عالمی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ پاک چاہیں تو انسان کے گناہوں کو معاف کر سکتے ہیں لیکن وہ شرک کو معاف نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ اللہ کو اپنا پارٹنر بناؤ۔ اللہ زیادہ دے گا۔ مسلمان آج کیوں دوسروں پر بھروسا کرتے ہیں؟ انہیں چاہیے کہ اللہ اور رسول پر بھروسا کریں۔