بحیرہ عرب میں ہوا کا کم دباؤ شدید ہوگیا، کل ڈپریشن  میں بدلنے کا امکان

211

کراچی: وسطی بحیرہ عرب کے اوپر ہوا کا کم دباؤ مزید شدت اختیار کرگیا جو کل تک ڈپریشن میں تبدیل ہونے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے وسطی بحیرہ عرب کے اوپرہوا کے حوالے سے دوسرا الرٹ جاری کردیا جس کے مطابق ہوا کا کم دباؤ گزشتہ روز کے مقابلے میں مزید شدت اختیار کرگیا، کراچی سے فاصلہ 100 کلومیٹرکم ہوکر 900 کلومیٹر رہ گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سازگارماحولیاتی حالات کے سبب امکان ہے کہ یہ سمندری سرگرمی آج ڈپریشن میں تبدیل ہوجائے، سسٹم ابتدائی طورپرمغرب، شمال مغرب کی جانب بڑھے گا۔

فی الحال پاکستان کے کسی بھی ساحلی علاقے کے اس نظام سے متاثر ہونے کا کوئی امکان نہیں، سائیکلون وارننگ سینٹر کراچی سسٹم کی مسلسل نگرانی کررہا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان بننے کی صورت میں اسے قطر کی جانب سے تجویزکردہ دانا نام دیا جائےگا، دانا کا مطلب عربی زبان میں قیمتی اورخوبصورت موتی کے ہیں، یہ نام بنیادی طور پر عرب ریاستوں میں استعمال کیا جاتا ہے۔