سازش کے تحت بلوچستان کا امن خراب کیا جارہا ہے ،زاہد اختربلوچ

53

کوئٹہ(نمائندہ جسارت)جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی بلوچستان زاہد اختر بلوچ نے کہاکہ دکی ودیگر پرامن علاقوں میں مزدوروں کا قتل لمحہ فکر سیکورٹی اداروں وحکومت کی ناکامی ہے سازش کے تحت پرامن علاقوں میں بدامنی پھیلائی جارہی ہے ۔سیکورٹی فورسزاورحکومتی اعلیٰ عہدیداروں کا امن وامان کی بحالی کیلئے خالی خولی بیانات لواحقین اورعوام کے زخموں پر نمک پاشی کے سواکچھ نہیں ۔ بدقسمتی سے قومی وسائل وبجٹ کا بڑاحصہ حکومتی نمائندوں سیکورٹی اداروں سیکورٹی فورسزکے دفاع شاہ خرچیوں پروٹوکول پر خرچ ہورہاہے عوام کا کوئی پرسان حال نہیں ۔جماعت اسلامی امن وامان کے حوالے سے غفلت وکوتاہی کے خلاف آوازبلند کرتی رہے گی۔ نوجوان جماعت اسلامی کی ممبر شپ مہم میں جماعت اسلامی کی ممبر شپ حاصل کریں ۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے اجلاس سے خطاب اور نوجوانوں کے وفدسے ملاقات کے دوران گفتگومیں کیا۔ انہوں نے کہاکہ بلوچستان کے نوجوانوں کیلئے تعلیم وروزگاراورترقی کے دروازے بندکیے گیے ہیں ۔ امن وامان بحال کرنے ،بارڈرٹریڈ،ساحل پر ٹرالرزمافیازکا قبضہ،چیک پوسٹوں پر عوام کی تذلیل ، بھتا خوری،لاپتا افرادکی عدم بازیابی، بدعنوانی، لوٹ مار مفت خوری ،عوامی مسائل حل کرنے میں ناکامی نااہلی کی وجہ سے عوام حکمرانوں مقتدر قوتوں اور سیکورٹی اداروں سے ناراض اورغم وغصے میں ہیں بلوچستان کی ترقی میںوفاق کی عدم دلچسپی بھی مسائل کی جڑ ہے صوبے کے وسائل نااہل لوگوں کے حوالے کر دیے گیے ہیں ۔عدم تحفظ ،روزگار وکاروبار پر سیکورٹی اداروں کاقبضہ،لاپتا افرادکی عدم بازیابی کی وجہ سے بھی عوام اورنوجوان احساس محرومی کا شکار اور مستقبل سے مایوس ہیں عوام کو حقوق دینے کے بجائے طاقت ،پولیس کا غلط استعمال اور زور زبردستی کی جارہی ہے پارلیمنٹ عوام کے حق میں قانون سازی وترامیم کے بجائے ایکس ٹنشن ،شخصی مفادات ومراعات اورافرادکو نوازنے کیلئے ترامیم وقانون سازی کر رہی ہے۔