لاڑکانہ(نمائندہ جسارت)سندھ حکومت کی طرف سے سرکاری نوکریوں میں 15 سال کی رعایت ختم ہونے پر ریڈ فورس کی جانب سے سر شاہنواز لائبریری سے جناح باغ چوک تک ریلی نکالی گئی جس میں سیکڑوں کی تعداد میں طلبہ نے شرکت کی اور مطالبات کے حق میں شدید نعرے بازی کی۔ اس موقع پر عمران سومرو ،سید وقار شاہ،سید واجد شاہ،عمران ٹگڑ اور دیگر نے کہا کہ پاکستان میں فیڈرل پبلک کمیشن اور ملک کے دوسرے صوبے پنجاب،بلوچستان،کے پی کے میں عمر کی رعایت مہیا کی ہوئی ہے تو سندھ میں طلبہ کا کیا قصور کیا ہے جو ان کے ساتھ اتنا برا سلوک کیا گیا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ عمر میں 15 سال کی رعایت ختم ہونے پر نوجوانوں میں مایوسی پھیل گئی ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ طلبہ یونیورسٹیز سے جب گریجویٹ ،ماسٹرزاور دیگر ڈگریاں حاصل کرتے ہیں تو ان کی عمر 28 سال ہوچکی ہوتی ہے ۔انہوں نے اعلیٰ حکام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے دیگر صوبوں کی طرح سندھ میں بھی عمر میں دیے ہوئے 15 سال کی رعایت دیکر بے چینی دور کی جائے بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ اور وسیع کیا جائے گا۔