نوکری سے برطرف کر نے پر سیکورٹی گارڈوں کا احتجاج

156

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) کوٹری کی نتھو شاہ ریلوے کالونی کے رہائشیوں اور سٹی اسکول قاسم آباد کے سیکورٹی گارڈوں نے سیکورٹی انچارج شکیل ملکانی، نعمان مہاجر اور نور علی چانڈیو کی جانب سے چوری کے جھوٹے الزام میں نوکری سے برطرف کر کے بیروزگار کیے جانے کے خلاف پریس کلب پر احتجاج کیا۔ اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ 3 سال سے زائد عرصہ سے سٹی اسکول میں سیکورٹی گارڈ کی نوکری کر رہے ہیں، سیکورٹی انچارج سے تنخواہ میں اضافہ کرنے کے لیے کہا تو انہوں نے کتابیں اور کاپیاں چوری کرنے کا جھوٹا الزام لگا کر نوکری سے برطرف کر دیا جس کے سبب ہم بے روزگار ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیکورٹی گارڈوں کو صرف 15 ہزار روپے تنخواہ دی جاتی ہے جو بہت کم ہے جس سے گھر کا گزر بسر بھی نہیں ہوتا، جبکہ حکومت سندھ نے رواں سال کے بجٹ میں نجی ملازمین کی کم سے کم تنخواہ ساڑھے 37 ہزار روپے مقرر کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن نجی ادارے اس اعلان پر عمل درآمد کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔ انہوں نے حکومت سندھ اور سٹی اسکول انتظامیہ سے اپیل کی کہ ہم پر لگائے گئے چوری کے جھوٹے الزام کی شفاف انکوائری کرا کر ہماری تنخواہوں میں اضافہ کر کے نوکریوں پر دوبارہ بحال کیا جائے۔