الیکشن کمیشن کا اسپیکرز کے خطوط پر مشاورت جاری رکھنے کا فیصلہ

111

اسلام آباد (خبر ایجنسیاں) الیکشن کمیشن نے اسپیکر قومی اسمبلی اور اسپیکر پنجاب اسمبلی کے خطوط پر مشاورت جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی زیر صدارت الیکشن کمیشن کا خصوصی اجلاس ہوا جس میں اسپیکر قومی اسمبلی و اسپیکر پنجاب اسمبلی کی طرف سے لکھے جانے والے خطوط کا معاملہ زیر غور آیا۔ الیکشن کمیشن کے اجلاس میں مخصوص نشستوں کے نوٹیفکیشن جاری کرنے سے متعلق مشاورت کی گئی، الیکشن کمیشن کی قانونی ٹیم نے خطوط سے متعلق قانونی پہلوؤں پر بریفنگ دی۔ بتایا گیا کہ اسپیکر قومی اسمبلی اور اسپیکر پنجاب اسمبلی نے مخصوص نشستوں سے متعلق الیکشن کمیشن کو 2، 2 خطوط لکھے ہیں، اسپیکرز نے اپنے دونوں خطوط میں اسمبلیوں کی مخصوص نشستوں کے نوٹیفکیشن جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کا اجلاس بغیر نتیجہ ختم ہو گیا، الیکشن کمیشن نے دونوں اسپیکرز کے خطوط پر مشاورت جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، اجلاس میں ممبر سندھ نثاردرانی اور ممبر بلوچستان شاہ محمدجتوئی شریک نہ ہوئے، کمیشن 2 سینئر ممبران کی عدم شرکت کے باعث کوئی فیصلہ نہ کرسکا۔