اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے 5 لاکھ ٹن چینی برآمد کرنے کی منظوری دے دی، کمیٹی نے کراچی دھماکے میں جاں بحق ہونے والے چینی انجینئرز کے تلافی پیکج کی بھی منظوری دی۔ وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت ای سی سی کا اجلاس ہوا جس میں چینی برآمد کرنے کی منظوری دی گئی۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ملک میں چینی کے اضافی ذخائر کے باعث برآمد کی اجازت دی گئی۔ صوبائی اعدادوشمار کے مطابق 30 ستمبر تک ملک میں 20 لاکھ ٹن چینی کے ذخائر دستیاب تھے، گزشتہ 10 ماہ میں ملک میں 54 لاکھ ٹن چینی استعمال کی گئی اکتوبر اور نومبر میں 9 لاکھ ٹن چینی استعمال ہونے کا اندازہ ہے۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کمیٹی نے چینی کی برآمد کو شوگر ملز کی جانب سے 21 نومبر کو کرشنگ سیزن کے آغاز سے مشروط کیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق چینی کی برآمد 3 ماہ میں کی جائے گی اور چینی کی قیمتوں میں اضافے پر یہ سہولت کسی بھی وقت واپس لی جاسکے گی۔