سعودی پاکستان درمیان تجارت کے نئے دور کا آغاز ہو رہا ہے، یو بی جی

137

کراچی(کامرس رپورٹر)صدریونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی) زبیر طفیل، چیئرمین (سندھ ریجن )خالد تواب،سیکریٹری جنرل (سندھ) حنیف گوہر سید ،مظہر علی ناصر،ملک خدا بخش، انجینئر داروخان اچکزئی اور مومن علی ملک نے سعودی عرب کے وزیر برائے سرمایہ کاری، شیخ خالد بن عبدالعزیز الفالح کی قیادت میں آنے والے اعلیٰ سطحی سعودی وفد کا پاکستان آمد پر گرمجوشی سے خیرمقدم کیاہے۔یہ تین روزہ دورہ دو طرفہ تجارت، اقتصادی تعلقات، توانائی، انفراسٹرکچر، زراعت اور ٹیکسٹائل سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے کیا گیا ہے۔ اس وفد کی آمد پاکستان کی ابھرتی ہوئی مارکیٹ میں سعودی عرب کی بڑھتی ہوئی دلچسپی کی عکاسی کرتی ہے۔ صدر یو بی جی زبیر طفیل نے کہا کہ یو بی جی اس دورے کو دونوں ممالک کے درمیان معاشی روابط کو گہرا کرنے کے لیے ایک اہم موقع سمجھتا ہے۔ پاکستان کا اسٹریٹجک مقام، ماہر افرادی قوت اور کاروبار دوست پالیسیاں سعودی سرمایہ کاروں کے لیے ایک پرکشش منزل بناتی ہیں۔ یو بی جی ریجنل چیئرمین سدرن زون خالد تواب نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ یہ تعاون دونوں ممالک کی خوشحالی کے لیے نئے مواقع کھولے گا۔ ہماری کاروباری برادریاں منافع بخش سرمایہ کاری کے مواقع کی نشاندہی کرنے اور پائیدار شراکت داری کو فروغ دینے کے لیے مل کر کام کریں گی۔