لاہور(اسپورٹس ڈیسک) پریذیڈنٹ ون ڈے کپ میں گزشتہ روز کھیلے گئے میچوں میں ایس سوئی ناردرن نے او جی ڈی سی کو 6 وکٹوں سے اور پی ٹی وی نے ایشال ایسوسی ایٹس کو 2 وکٹوں سے ہرادیا۔ گروپ میچوں کے اختتام پر گروپ اے سے واپڈا اور اسٹیٹ بینک اور گروپ بی سے پی ٹی وی اور سوئی ناردرن کی ٹیمیں سیمی فائنل میں پہنچ گئیں۔ دونوں سیمی فائنلز اور فائنل جناح اسٹیڈیم گوجرانوالا میں کھیلے جائیں گے۔ کل پہلا سیمی فائنل گروپ اے کی نمبر ایک ٹیم واپڈا اور گروپ بی کی نمبر2 ٹیم سوئی ناردرن کے درمیان کھیلا جائے گا۔ 14 اکتوبر کو دوسرے سیمی فائنل میں گروپ اے کی نمبر2 ٹیم اسٹیٹ بینک کا مقابلہ گروپ بی کی نمبر ایک ٹیم پی ٹی وی سے ہوگا۔ فائنل 16 اکتوبر کو ہوگا۔ یہ میچز دوپہر پونے 2 بجے شروع ہونگے اور یہ50 اوورز پر مشتمل ہونگے۔ سعید اسپورٹس کمپلیکس بیدیاں لاہور میں ایس سوئی ناردرن نے او جی ڈی سی کو 6 وکٹوں سے ہرادیا۔ او جی ڈی سی کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 248 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ محمد عمیر نے 61 رنز کی اننگز کھیلی۔محمد علی نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں سوئی ناردرن نے 4 وکٹوں پر مطلوبہ اسکور پورا کرلیا۔ شاہ زیب خان اور طاہر بیگ نے اپنی ٹیم کو112 رنز کا پراعتماد آغاز فراہم کیا۔ شاہ زیب خان 42 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ طاہر بیگ نے 95 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس میں 4 چھکے اور 11 چوکے شامل تھے۔ عمیربن یوسف 80 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ان کی اننگز میں 5 چوکے اور 6 چھکے شامل تھے۔ اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں پی ٹی وی نے ایشال ایسوسی ایٹس کو 2 وکٹوں سے شکست دیدی۔ ایشال ایسوسی ایٹس پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 220 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ آفاق احمد نے 53 رنز اسکور کیے۔فیصل اکرم نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ پی ٹی وی نے جواب میں 8 وکٹوں پر224 رنز اسکور کرکے میچ جیت لیا۔ فہیم اشرف نے5 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے85 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔