حیدر آباد ( اسپورٹس ڈیسک) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے 2گروپوں کی کرسی اور اقتدار کی جنگ نے قومی کھیل کو ہی نہیں کھلاڑیوں کو بھی مایوسی کا شکار کردیا۔ اس سلسلے میں سیکریٹری ڈسٹرکٹ ہاکی ایسوسی ایشن حیدرآباد و گانگریس ممبر پاکستان ہاکی فیڈریشن نے مقتدر شخصیات کوخط لکھ دیا۔
وزیراعظم پاکستان محترم جناب شہباز شریف
وفاقی منسٹر آئی پی سی محترم رانا ثناء اللہ
وفاقی سیکریٹری آئی پی سی جناب ندیم ارشاد کیانی
ڈی جی پاکستان اسپورٹس بورڈ محمد یاسر پیر زادہ
چیئرمین و ممبر قائمہ کمیٹی آئی پی سی
جناب والا!
پاکستان ہاکی کی اس وقت موجودہ جو صورتحال ہے اسکے پیش نظر پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا اور شوشل میڈیا پر خبروں اور تجزیوں کی زینت بنا ہوا ہے جس سے دنیا میں پاکستان ہاکی کی جگ ہنسائی ہو رہی ہے اور ساتھ ساتھ کھلاڑیوں میں کھیل سے مایوسی بڑھ رہی ہے اگر ہم کو دنیا ئے ہاکی میں اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرنا ہے تو ہاکی کی بہتری اور بحالی کے لیے ماضی میں ہاکی فیڈریشن کے بدعنوان عہدیداران کا سخت احتساب کر کے ملوث افراد کو سزا دینا ہوگی۔ جیسا کہ سب کے علم میں ہے کہ ان عہدیداران کے متعدد قومی اداروں میں مبینہ بدعنوانیوں کے مقدمات زیر التوا ہیں ان پر فوری عملدرآمد کیا جائے تاکہ لوگوں کے سامنے حقیقت آجائے۔ دوسری جانب فوری طور پر ماضی کے بے داغ سابقہ کھلاڑیوں اور مخلص ، ایماندار آفیشلز پر مبنی کیمٹی تشکیل دی جائے جو صاف وشفاف طریقے سے میرٹ پر کلبوں کی اسکروٹنی کرے اور ان کے ذریعے نئی گانگریس ممبران کی موجودگی میں فیڈریشن کے عہدیداران کا انتخاب کرے تاکہ آنے والے فیڈریشن کے عہدیداران قومی کھیل ہاکی کی بہتری اور بحالی کے لیے کام کرے۔ سندھ کی تمام ہاکی فیملی صدر پاکستان ، وزیراعظم پاکستان اور آرمی چیف سے اپیل کرتی ہے کہ جن جن لوگوں نے فیڈریشن میں رہتے ہوئے کرپشن کی اور اختیارات کا ناجائز استعمال کیا ان لوگوں کا سخت سے سخت احتساب کر کے قرار واقعی سزا دی جائے اور ان سب عناصر پر تاحیات پابندی عائد کی جائے کیونکہ ان لوگوں نے قومی کھیل کے ساتھ کھلواڑ کر کے قومی کھیل کی تنزلی کرانے میں اہم کردار ادا کیا۔ اگر انصاف کے تقاضوں کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے اس پر عملدرآمد ہوگیا تو آنے والے فیڈریشن کے عہدیداران کے لیے مثال قائم ہوسکے گی۔ (سیکریٹری ڈسٹرکٹ ہاکی ایسوسی ایشن حیدرآباد و گانگریس ممبرپاکستان ہاکی فیڈریشن رضوان تنویر)