ملتان ٹیسٹ ، انگلینڈ کے ہاتھوں پاکستان کو بدترین شکست

186
ملتان: پاکستان کو بدترین شکست دینے کے بعد انگلینڈ کرکٹ ٹیم فاتحانہ انداز میں ملتان کرکٹ اسٹیڈیم سے پویلین کی طرف لوٹ رہی ہے

ملتان(نمائندہ خصوصی)انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم نے پاکستان کو پہلے ٹیسٹ میچ میں ایک اننگز اور 47 رنز سے شکست دے کر 3 میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔ ہیری بروک کو شاندار بلے بازی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔پاکستان کی ٹیم نے پہلی اننگز میں شان مسعود، عبد اللہ شفیق اور سلمان علی آغا کی سنچریوں کی بدولت 556 رنز ا سکور کیے تھے جبکہ جواب میں انگلینڈ نے اپنی پہلی اننگز میں ہیری بروک کی ٹرپل سنچری اور جو روٹ کی ڈبل سنچری کی بدولت 823 رنز 7 کھلاڑی آئوٹ پر ڈیکلیئر کر دی تھی اور اس کو 267 رنز کی برتری حاصل ہوگئی،جس کے جواب میں پاکستان کی ٹیم کو میچ کے5ویں اور آخری روز اننگز کی شکست سے بچنے کیلئے 115 رنز درکار تھے۔ گزشتہ روز ملتان ٹیسٹ کے5ویں اور آخری روز پاکستان نے اپنی دوسری نامکمل اننگز کا آغاز 152 رنز 6 کھلاڑی آئوٹ پر کیا تو سلمان علی آغا 41 اور عامر جمال 27 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔سلمان علی آغا نے اپنی نصف سنچری مکمل کی تاہم کچھ دیر بعد پاکستان کی 7ویں وکٹ 191 رنز پر گر گئی۔ سلمان علی آغا 63 رنز بنا کر جیک لیچ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آئوٹ ہوئے جس کے بعد عامر جمال نے بھی اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ پاکستان کی 8 ویں وکٹ 214 رنز پر گری جب شاہین آفریدی 10 رنز بنا کر جیک لیچ کی گیند پر آئوٹ ہوئے۔نسیم شاہ پاکستان کے آخری آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 6 رنز بناکر جیک لیچ کی گیند پر جمی اسمتھ کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔ ابرار احمد بیماری کے باعث کھیلنے کے لئے نہیں آسکے۔عامر جمال 55 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔ پاکستان کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 220 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔ یوں انگلینڈ نے پاکستان کو پہلے ٹیسٹ میچ میں ایک اننگز اور 47 رنز سے شکست دے کر3 میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔انگلینڈ کی طرف سے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے جیک لیچ نے 4 جبکہ برائیڈن کارس اور گس اٹکنسن نے 2,2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔