کراچی(اسٹاف رپورٹر)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے زیر انتظام کراچی انسٹیٹیوٹ آف ہارٹ ڈیزیز میں قائم کیے گئے سٹی انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ سائنسز کے تحت سرٹیفائیڈ نرسنگ اسسٹنٹ اور سرٹیفائڈ نرسنگ معاون کے لیے ایک اور دو سالہ ڈپلوما پروگرام کا آغاز کیا جا رہا ہے جس میں شرکت کرنے والوں کو 100 فیصد اسکالرشپ فراہم کی جائیں گی، اس پروگرام کا مقصد کراچی کے طبی اداروں کے لیے جدید ترین تربیت سے آراستہ نرسنگ اسٹاف کی فراہمی ہے جن میں حادثاتی یا ایمرجنسی نرسنگ اور کارڈیک نرسنگ میں مہارت رکھنے والا نرسنگ اسٹاف بھی شامل ہو گا، ان صلاحیتوں کے حامل نرسنگ اسٹاف کی دستیابی سے کے ایم سی اسپتالوں سمیت کراچی کے دیگر سرکاری و نجی اداروں کے تحت چلنے والے اسپتالوں میں طبی سہولیات کی فراہمی کا معیار بہتر ہوگا اور شہریوں کو جدید اور معیاری علاج کی سہولیات دستیاب ہوں گی، یہ بات انہوں نے سٹی انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ سائنسز بلدیہ عظمیٰ کراچی کے تحت سرٹیفائڈ نرسنگ اسسٹنٹ اور نرسنگ ایڈ پروگرام کے لیے دو سالہ اور ایک سالہ ڈپلومہ پروگرام میں داخلوں کے آغاز کے موقع پر اپنے بیان میں کہی۔