کراچی میں پھر گرمی کی لہر‘ ہلکی ودرمیانی بارش

156

کراچی(اسٹاف رپورٹر) شہرمیں گرمی کی لہر بدستورجاری ہے جبکہ مضافات میں ہلکی اور درمیانی شدت کی بارش ہوئی تاہم باقی ماندہ علاقوں میں گرم وخشک موسم ریکارڈ ہوا اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔محکمہ موسمیات کے مطابق نچلی سطح کی فضاوں میں ہوا کے زیادہ دباؤ کے نتیجے میںسمندر کی جنوب مغربی ہوائیں غیرفعال رہیں، بلوچستان کی شمال مغربی سمت سے چلنے والی گرم اور خشک ریگستانی ہواؤں کے سبب دن کے وقت لوکے تھپیڑے چلے۔ شہرکا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت39ڈگری اور ہوا میں نمی کا تناسب 59فیصد رہا،گرم موسم سے مضافات میں تھنڈر سیلز بننے کی وجہ سے علاقہ اورنگی ٹاون، گلستان جوہر،کارساز،گلشن اقبال بلاک 10 اور شاہراہ فیصل سمیت دیگرعلاقوں میں تیسرے روز بھی کہیں ہلکی اور کہیں درمیانی شدت کی بارش ہوئی۔اعدادوشمارکے مطابق سب سے زیادہ بارش اولڈ ٹرمینل پر11 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی، پی اے ایف بیس فیصل پر7.5ملی میٹر، یونیورسٹی روڈ پر1.6ملی میٹر اور اورنگی ٹاؤن میں ایک ملی میٹربارش ہوئی۔ارلی وارننگ سینٹر کی جانب سے جاری الرٹ کے مطابق جنوب مشرقی بحیرہ عرب کے اوپرکم دباؤبن گیا، جس کا فاصلہ کراچی سے تقریباً1ہزار کلومیٹر ہے، سازگار ماحولیاتی حالات کے باعث نظام اگلے 2 سے 3 روزکے دوران ڈپریشن میں تبدیل ہوجاسکتا ہے۔ ابتدائی طور پر سسٹم شمال مغرب کی طرف بڑھے گا،فی الحال ملک کا کوئی بھی ساحلی علاقہ اس موسمی نظام سے متاثر ہونے کا امکان نہیں ہے تاہم سائیکلون وارننگ سینٹر کراچی سسٹم کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے۔کراچی میں جمعے کے روز ہونے والی چند لمحوں کی بارش نے شہر کا نظام زندگی کو مفلوج کر دیا، شارع فیصل پر بد ترین ٹریفک جام ،کراچی کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کاسلسلہ بھی جاری رہا۔