لاہو ر(نمائندہ جسارت)نائب امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر عطا الرحمن نے عدالت عظمیٰ کی طرف سے مبارک ثانی کیس کے تفصیلی فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ عدالت عظمیٰ نے اپنے6 فروری اور 22جولائی کے فیصلے کالعدم قرار دیے ہیں اور آئین پاکستان قوانین کے حوالے دے کر ختم نبوت کے معاملے کو واضح کیا ہے۔ڈاکٹر عطا الرحمن نے کہا کہ تمام اسلامیان پاکستان، عاشقانہ مصطفیؐ اور محافظین ختم نبوت مبارک باد کے مستحق ہیں۔واضح رہے کہ عدالت عظمیٰ میں مبارک ثانی نظرٹانی کیس میں ڈاکٹر عطا الرحمن نے جماعت اسلامی کی جانب سے نمائندگی کرتے ہوئے عدالت عظمیٰ میں دلائل دیے تھے اور امیر جماعت اسلامی پاکستان کے سیاسی مشیر ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے بھی عدالت عظمیٰ بینچ کے سامنے اپنے دلائل پیش کیے تھے۔ڈاکٹر عطا الرحمن نے اس کیس کی بھرپور پیروی کرنے پر حافظ نعیم الرحمن، مولانا فضل الرحمن، مفتی تقی عثمانی، مفتی منیب الرحمن، جواد نقوی، مولانا اللہ وسایا سمیت دیگر وکلا اور پٹشنرز کو بھی مبارک باد دی ہے۔