حماس نے مزید 3 یہودی فوجی مارڈالے ،تعداد 353 ہوگئی،جرمنی کا اسرائیل کو مزید ہتھیار دینے کا اعلان

288

تل ابیب /غزہ /بیروت /واشنگٹن /لاس ویگاس /ماسکو /برلن / نئی دہلی /روم /عمان /ریاض (مانیٹرنگ ڈیسک/اے پی پی) حماس نے غزہ میں مزید3 یہودی فوجی مار ڈالے‘ مارے جانے والے یہودی فوجیوں کی تعداد 353 ہوگئی جبکہ جرمنی نے اسرائیل کو مزید ہتھیار دینے کا اعلان کردیا۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق شمالی غزہ کی پٹی میں حماس کو دوبارہ منظم ہونے سے روکنے کے لیے کیے گئے آپریشن کے دوران 3 اہلکار مارے گئے‘ ان 3 اہلکاروں کی ہلاکت سے غزہ میں ہلاک ہونے والے اسرائیلی فوجیوں کی تعداد 353 ہوگئی ہے۔ اسرائیلی فوج نے غزہ پر اندھا دھند بمباری کی جس کی زد میں ایک کلینک بھی آگیا اس بمباری میں نومولود سمیت 4 افراد شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔ عرب میڈیا کے مطابق اس کلینک میں کئی بے گھر فلسطینی پناہ لیے ہوئے تھے جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل تھے۔ دریں اثنا دیرالبلاح میں بھی ایک گھر اسرائیلی بمباری میں تباہ ہوگیا جس میں 2 فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔اسی طرح مغازی پناہ گزین کیمپ میں بھی ایک اجتماع پر ڈرون حملے میں 2 فلسطینی شہید ہوئے۔غزہ کی وزارت صحت کے بیان میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی بمباری میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 61 فلسطینی شہید اور 200 سے زاید زخمی ہوگئے۔اسرائیلی فضائیہ نے لبنان کے دارالحکومت کے وسطی علاقوں میں حزب اللہ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جس میں ٹینک شکن میزائل یونٹ کے سربراہ کی شہادت کا دعویٰ کیا ہے۔ لبنان کی وزارت صحت نے تصدیق کی ہے کہ اسرائیلی فوج کی وسطی بیروت میں بمباری میں 22 افراد جاں بحق اور 117 زخمی ہوگئے‘ شہید اور زخمی ہونے والوں میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل ہیں‘ 2 درجن سے زاید افراد کی حالت نازک ہونے کے سبب ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ اسرائیلی فوج کے مطابق حملے میں حزب اللہ کی ایلیٹ رضوان فورسز کے ٹینک شکن میزائل یونٹ کے کمانڈر غریب الشجاع کو نشانہ بنایا۔ دوسری جانب حزب اللہ نے بھی اسرائیلی سرزمین پر سیکڑوں راکٹ فائر کیے تاہم اسرائیلی فوج کا دعویٰ ہے کہ اکثر میزائلوں کو فضا میں ہی ناکارہ بنا دیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق شام لبنان سرحد پر اسرائیل نے بمباری کرکے ایرانی ہلال احمر کا فیلڈ اسپتال تباہ کردیا۔ جمعے کو اسرائیل نے لبنان کی سرحد پر تعینات اقوام متحدہ کی امن فوج یونی فِل کی چوکی کو دوبارہ نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں4 اہلکار زخمی ہوئے۔ جنوبی لبنان پر جاری اسرائیلی فوج کے زمینی حملوں سے بھارتی فوجی بھی خطرے میں پڑگئے۔ اسرائیلی فوج 2 دنوں کے دوران لبنان اور اسرائیل کی سرحد پر تعینات اقوام متحدہ کی امن فوج (یونی فِل) پر 2 حملے کرچکی ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق ان حملوں میں انڈونیشیا اور سری لنکا سے تعلق رکھنے والے 2، 2 فوجی زخمی ہوئے ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق اسرائیلی حملوں کے باعث بھارتی فوجی بھی خطرے میں ہیں کیونکہ (یونیِ فل) میں تقریباً 600 بھارتی فوجی بھی شامل ہیں‘ بھارتی فوجی اسرائیل لبنان سرحد پر 120 کلومیٹر طویل بیلو لائن پر تعینات ہیں۔ جرمنی کے چانسلر اولاف شولز نے اسرائیل کو مزید ہتھیار دینے کا اعلان کردیا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق گزشتہ سال 7 اکتوبر کو حماس کے حملے کے متاثرین کی یاد میں جرمنی کی پارلیمنٹ میں تقریب رکھی گئی جس میں چانسلر اولاف شولز نے جلد اسرائیل کو ہتھیار فراہم کرنے کا اعلان کیا۔ چانسلر اولاف شولز نے کہا کہ ہم نے اسرائیل کو ہتھیاروں کی فراہمی روکنے کا فیصلہ نہیں کیا ہے، ہم نے ہتھیار فراہم کیے ہیں اور ہم ہتھیار فراہم کریں گے۔روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے اسرائیل کا نام لیے بغیر خبردار کیا ہے کہ ایرانی جوہری تنصیبات پر کوئی بھی حملہ خطرناک اشتعال انگیزی ہو گا۔ عرب میڈیا کے مطابق روسی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے جائزوں پر گہری نظر ہے تاہم اس میں ایسے کوئی اشارے نظر نہیں آتے کہ ایران اپنے پرامن جوہری پروگرام کو فوجی چینل پر منتقل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ان کا ملک اسرائیل کی کسی بھی کارروائی کا اتنی ہی طاقت سے جواب دے گا۔ اطالوی چینل کو انٹرویو میں وزیر خارجہ عباس عراقچی نے یورپی ممالک سے جنگ بندی کے لیے کردار ادا کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایران جنگ سے خوف زدہ نہیں مگر ہم جنگ نہیں چاہتے۔ اس سے قبل ایران نے اسرائیلی وزیر دفاع یواف گیلانٹ کی دھمکی کے جواب میں جوابی دھمکی دیتے ہوئے کہا تھا کہ ہماری انگلیاں ٹریگر پر ہیں، اگر اسرائیل نے حملہ کیا تو دشمن کو دھول میں اڑا دیں گے۔ ایران نے امریکی اتحادیوں کو خبردار کیا ہے کہ حملے کے لیے جس کی فضائی یا زمینی حدود استعمال ہوئی وہ نشانہ ہوگا۔ غزہ پر گزشتہ ایک سال سے جاری اسرائیلی حملوں نے902 فلسطینی خاندانوں کا نام ونشان مٹا دیا۔ عرب میڈیا کے مطابق ان 902 خاندانوں کے تمام افراد گزشتہ سال کے دوران شہید کر دیے گئے۔ غزہ میں تقریباً ایک ہزار 364 فلسطینی خاندان ایسے ہیں جن کا صرف ایک فرد زندہ بچا ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق تقریباً 3 ہزار 472 خاندانوں کے صرف 2 افراد زندہ بچے ہیں۔ اقوام متحدہ کے تفتیش کاروں نے اسرائیل کے غزہ کی طبی مراکز اور عملے پر حملوں کو دانستہ حملے قرار دیدیا۔ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن نے مئی2021ء میں اسرائیل کے خلاف فلسطین میں عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی تحقیقات کے لیے 3 رکنی کمیشن تشکیل دیا تھا جس نے 7 اکتوبر کے حملوں کے بعد اپنی دوسری رپورٹ جاری کی ہے۔ اقوام متحدہ کے انڈیپینڈنٹ کمیشن آف انکوائری نے کہا کہ اسرائیل نے غزہ پر وسیع حملوں کے تناظر میں اس کے ہیلتھ سسٹم کو تباہ کرنے کی پالیسی بنائی ہے۔ رپورٹ میں اسرائیل کی جانب سے حراست میں لیے گئے فلسطینیوں اور غزہ میں یرغمالیوں پر تشدد کی نشاندہی کی گئی ہے۔ اسرائیل نے نیواتم ائر بیس اور انٹیلی جنس اڈے پر ایرانی میزائل گرنے کی رپورٹ دینے والے امریکی صحافی سمیت 5 صحافیوں کو حراست میں لے لیا۔ جیریمی لوفرڈو نامی صحافی پر دوران جنگ دشمن کی مدد کرنے کا الزام عاید کیا گیا ہے۔ امریکا کی نائب صدر اور صدارتی انتخابات کے لیے ڈیموکریٹ امیدوار کملا ہیرس کا کہنا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں صورت حال کو ٹھنڈا کرنے کی ضرورت ہے۔ لاس ویگاس سے روانہ ہوتے ہوئے کملا نے غزہ اور لبنان کی صورت حال پر تبصرہ کرتے ہوئے صحافیوں کو بتایا کہ ہمیں جنگ بندی تک پہنچنا چاہیے، ہم پر لازم ہے کہ جارحیت میں کمی لائیں۔ ترجمان امریکی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ لبنان میں امریکیوں کی حفاظت امریکا کی اولین ترجیح ہے۔ امریکی اخبار کے مطابق ایران نے خلیج فارس میں امریکی اتحادیوں کو خبردار کیا جس میں خفیہ سفارتی ذرائع سے اردن، امارات، سعودی عرب اور قطر کو پیغام دیا گیا ہے۔ اخبار کا دعویٰ ہے کہ ان ممالک نے بائیڈن انتظامیہ پر واضح کیا ہے کہ امریکا یا اسرائیل کو اپنے فوجی انفرا اسٹرکچر یا فضائی حدود ایران کے خلاف جارحیت کے لیے استعمال کرنے دینا نہیں چاہتے۔

غزہ :خان یونس میں اسرئیلی بمباری کے بعد دھویں کے بادل اٹھ رہے ہیں‘چھوٹی تصویر میں وسطی غزہ میں بمباری سے گھرمیں تباہی پھیلی ہوئی ہے