اسلام آباد: صدر مملکت آصف زرداری نے چینی سفارت خانے کا دورہ کرتے ہوئے چینی سفیر جیانگ زی ڈونگ سے ملاقات کی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ملاقات میں صدر مملکت نے 7 اکتوبر کو دہشت گردانہ حملے میں چینی شہریوں کی ہلاکت پر پاکستانی حکومت اور عوام کی جانب سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان میں مقیم چینی شہریوں کا تحفظ اور سلامتی یقینی بنانے کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا ۔
زرداری نے چینی سفیر سے دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کی اور کہا کہ گھنانے جرم کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے ہرممکن اقدامات کیے جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہاکہ چینی حکومت اور عوام کا پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں اہم کردار ہے ، دونوں ممالک کے دشمن دونوں ریاستوں کے مابین بڑھتی شراکت داری نہیں دیکھ سکتے ، دشمن عناصر کی بزدلانہ کارروائیاں دوستوں کے درمیان دوستی کے بندھن کو کمزور نہیں کر سکتیں۔