سنسناٹی:امریکا میں ایک ریستوران نے اپنے مداحوں کی معاونت سے ایسا انوکھا کام کردیا کہ عالمی ریکارڈ قائم ہوگیا۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق امریکی ریاست اوہائیو کے شہر سنسناٹی میں ایک ریستوران چین نے اپنے مداحوں (صارفین) کی معاونت سے انسٹاگرام ایپلی کیشن پر ایک گھنٹے میں ریکارڈ تعداد میں ہاٹ ڈاگز کی تصاویر شیئر کرکے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں اپنا نام درج کروا لیا۔
اسکائی لائن چلی نامی ریستوران نے ریکارڈ بنانے کے لیے باقاعدہ ہیش ٹیگ ٹرینڈ چلایا اور اپنے مداحوں کی معاونت سے اپنی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر ایک گھنٹے میں سوسیج کی 500 تصویریں اپ لوڈ کرنے کا ہدف مقرر کیا۔
ریکارڈز کا اندراج کرنے والے ادارے کے مطابق مقررہ وقت تک ہدف سے دگنی تصاویر انسٹاگرام پر اپ لوڈ ہو چکی تھیں، جس کے بعد بھی گنتی جاری رہی۔