اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اسلام آباد پولیس نے ایک صوبے کی وفاق پر حملے اور لشکر کشی کی کوشش کو ناکام بنادیا۔
پی ایم ہاؤس میڈیا وِنگ سے جاری بیان میں کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے پولیس لائنز کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے شہدا اور غازیوں کے اعزاز میں منعقد کی گئی تقریب میں شرکت کی۔ وزیراعظم نے خطاب میں کہا کہ قرآن پاک میں اللہ نے فرمایا کہ شہید کو مردہ مت کہو، یہ زندہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں پولیس کے شہدا کو سلام پیش کرتا ہوں۔
تحریک انصاف کے اسلام آباد ڈی چوک پر احتجاج کے حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ وزیر داخلہ محسن ناوی اور آئی جی پولیس کی محنت کی تعریف کرنی چاہیے۔ انہوں نے قیام امن میں بہترین کردار ادا کیا۔ اسلام آباد پولیس میں اہل کاروں کی کمی پوری کرنی کے لیے میرٹ پر بھرتیاں کی جائیں۔
انہوں نے کہا کہ 2014 میں فسادیوں نے اسلام آباد کے ڈی چوک پر 7 مہینے تک فساد جاری رکھا، جس کے نتیجے میں ملک کو اربوں ڈالر کا نقصان ہوا۔ پاکستان کے بہترین دوست چین کے صدر کا دورہ پاکستان بھی اسی وجہ سے ملتوی کرنا پڑا کیوں کہ فسادیوں کی خواہش تھی کہ ان کے فساد کے نتیجے میں لاشیں گریں اور پاکستان میں فساد پھیل جائے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ حالیہ احتجاج میں بھی اسلام آباد پولیس اور رینجرز نے بہترین پیشہ ورانہ انداز میں ذمے داری ادا کی۔ اس بار بھی فسادیوں نے نجی املاک کو نقصان پہنچانے کے لیے ہتھکنڈے استعمال کیے۔ سیکڑوں پولیس افسران اور اہلکار زخمی ہوئے لیکن پولیس نے قومی مقصد کو سامنے رکھتے ہوئے اپنا فرض ادا کیا۔
شہباز شریف کاکہنا تھا کہ گالم گلوچ، جنونی جتھے کا وتیرہ بن چکا ہے، 4 اور 5 اکتوبر کو ایک صوبے کی جانب سے وفاق پر حملے اور لشکر کشی کو ناکام بنایا، یہ غیر آئینی تھا، اس وقت ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم پاکستان کے دورے پر تھے، تاہم اسلام آباد پولیس نے ان منصوبوں کو خاک میں ملایا۔