پاکستانی فضائی حدود استعمال کرنیوالی غیر ملکی پروازوں میں اضافہ

97

کراچی:پاکستانی فضائی حدود استعمال کرنے والی غیر ملکی پروازوں کی تعداد میں اضافہ ہوگیا۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اوور فلائنگ کے لیے پاکستان کی فضائی حدود استعمال کرنے والی پروازوں میں اضافہ ریکارڈ ہوا ہے۔ شمالی علاقہ جات سمیت کراچی فلائٹ انفارمیشن ریجن میں آنے والی پروازوں کی تعداد 750 سے تجاوز کر گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق پروازوں میں اضافہ ایران کی فضائی حدود بند ہونے سے ہوا،عام دنوں میں پاکستانی فضائی حدود سےاوور فلائنگ کرنے والی یومیہ پروازوں کی تعداد 700 ہوتی ہے۔

یاد رہے کہ اوورفلائنگ کرنے والی پروازوں کا مطلب یہ ہے کہ ایسی فلائٹس، جن کی منزل کسی اورملک کا ہوائی اڈہ ہوتا ہے،مگروہ اپنے مقررہ ایئرپورٹ تک رسائی کے لیے کسی دوسرے ملک کی فضائی حدود استعمال کرتی ہیں۔

ذرائع کے حوالے سے رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر کچھ مزید ایئرلائنز نے بھی پاکستانی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت طلب کی ہے۔ اوور فلائنگ کرنے والی پروازوں کی تعداد میں اضافے سے سول ایوی ایشن کی آمدنی میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ اوور فلائنگ کرنے والی پروازیں سی اے اے کو ڈالرز میں ادائیگی کرتی ہیں۔