اسرائیلی حملوں سے بھارتی فوجیوں کی زندگی خطرے میں

138

بیروت: جنوبی لبنان میں اسرائیلی فضائیہ کے حملوں نے 600 بھارتی فوجیوں کی زندگی بھی خطرے میں ڈال دی ہے۔ حزب اللہ کے ٹھکانوں اور تنصیبات کو نشانہ بنانے کے عمل میں اقوام متحدہ کی امن فوج میں شامل بھارتی فوجی بھی نشانہ بنے ہیں۔ کئی فوجی زخمی ہوئے ہیں۔

اسرائیل نے کہا ہے کہ اقوامِ متحدہ کی تنصیبات کو جان بوجھ کر نشانہ نہیں بنایا جارہا بلکہ حقیقت یہ ہے کہ حزب اللہ کے جنگجو ان تنصیبات کی آڑ لے کر اسرائیلی فوج پر حملے کر رہے ہیں۔ اُن حملوں کا جواب دینے کے لیے اسرائیلی فوج کو اقوام متحدہ کے واچ ٹاورز اور دیگر تنصیبات کو بھی نشانہ بنانا پڑا ہے۔

لبنان کی سرحد پر 120 کلومیٹر کی بلو لائن پر اقوام متحدہ کی امن فوج کے دستے تعینات ہیں۔ ان دستوں میں 600 بھارتی فوجی بھی شامل ہیں۔ جمعہ کو ایک حملے میں دو فوجی زخمی ہوئے جنہیں اسپتال پہنچانا پڑا۔

بھارت میں اسرائیل کے سفیر ریووان آزر کا کہنا ہے کہ حزب اللہ کے جنگجو اسرائیلی فوج پر حملوں کے لیے اقوام متحدہ کی امن فوج کی تنصیبات کو ڈھال کے طور پر استعمال کر رہے ہیں۔ اسرائیلی فوجی ان تنصیبات پر حملوں سے گریز کر رہی ہے تاہم مسلسل حملوں کے جواب میں کارروائی کرنا ہی پڑتی ہے۔

بھارت کی وزارتِ خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ جنوبی لبنان میں اقوامِ متحدہ کی تنصیبات پر حملوں سے گریز کیا جانا چاہیے اور اس حوالے سے لڑائی کے فریقین کو محتاط رہنا ہے مگر ایسا نہیں ہو پارہا۔ بھارتی وزارتِ خارجہ کے بیان کے مطابق جنوبی لبنان میں تعینات عالمی امن فوج کے کئی واچ ٹاورز اور دیگر تنصیبات کو اسرائیلی فوج نے نشانہ بنایا ہے