اسرائیلی حملوں میں حزب اللہ کے کمانڈر سمیت 25 افراد شہید

143

بیروت:اسرائیلی فوج نے جمعہ کو بھی جنوبی لبنان اور بیروت پر فضائی حملوں کا سلسلہ جاری رکھا۔ ان حملوں میں حزب اللہ کے ایک اہم کمانڈر سمیت 25 افراد شہید ہوئے۔ 100 سے زائد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

جمعہ کو وسطی بیروت پر حملوں میں آٹھ منزلہ عمارت ملبے کے ڈھیر میں تبدیل ہوگئی۔ اس عمارت میں حزب اللہ کے تعلقاتِ عامہ کے شعبے کے سربراہ وافق صفا کے موجود ہونے کی اطلاعات تھیں۔ وہ اس حملے میں بال بال بچ نکلے۔ اسرائیلی فوج نے ایک اور عمارت کو بھی نشانہ بنایا جو جزوی تباہ ہوگئی۔

لبنان کے علاقے میس الجبل میں ایک فضائی حملے کے نتیجے میں حزب اللہ رضوان فورس کے اینٹی ٹینک میزائل یونٹ کے سربراہ عریب الشوغہ شہید ہوگئے۔ یہ دعوٰی اسرائیلی فوج نے کیا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ عریب الشوغہ کا شمار اُن لوگوں ہوتا ہے جو شمالی اسرائیل پر میزائل اور راکٹ داغنے کے عمل میں کلیدی کردار کے حامل رہے ہیں۔ عریب الشوغہ کی شہادت کو حزب اللہ کے لیے ایک بڑے دھچکے کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔

جنوبی لبنان میں اسرائیلی فضائیہ نے ایک ایسی عمارت کو بھی نشانہ بنایا جس کے نتیجے اسرائیلی بری فوج تعینات ہے۔ اس عمارت میں حزب اللہ کے کارکنوں کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی۔

لبنانی وزارتِ صحت نے جمعہ کو اسرائیلی حملوں میں 25 افراد کے شہید ہونے کی تصدیق کی ہے۔ جنوبی لبنان ہی میں حزب اللہ کے حملوں کے جواب میں کی جانے والی اسرائیلی فوج کی کارروائی میں اقوام متحدہ کی امن فوج کے دو سپاہی بھی زخمی ہوئے۔ اس واقعے پر اسرائیل کو دنیا بھر سے تنقید اور مذمت کا سامنا ہے۔